رسائی کے لنکس

چین: پرانا گوشت فراہم کرنے کے معاملے پر پانچ افراد گرفتار


کمپنی پر الزام تھا کہ اس نے میکڈونلڈ اور ’کے ایف سی‘ سمیت کئی دوسری کمپنیوں کو زائد المیعاد یا پرانا گوشت فراہم کیا تھا۔

چینی پولیس نے شنگھائی میں خوراک فراہم کرنے والی کمپنی کے پانچ ملازمین کو گرفتار کر لیا ہے۔

کمپنی پر الزام تھا کہ اس نے میکڈونلڈ اور ’کے ایف سی‘ سمیت کئی دوسری کمپنیوں کو زائد المیعاد یا پرانا گوشت فراہم کیا تھا۔

شنگھائی پولیس نے بدھ کو کہا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں ہیوسی فوڈ کمپنی کے سربراہ اور اس کا کوالٹی منیجر بھی شامل ہیں۔

چین کے ڈریگن ٹی وی چینل پر اتوار کو نشر ہونے والی ایک رپورٹ میں دکھایا گیا تھا کہ ہیوسی کمپنی کے کارکن پرانے گوشت کو نئے گوشت میں شامل کرنے کے بعد پرانے زائد المیعاد لیبل ہٹا کر نئی تاریخ والے اسٹکرز لگا رہے تھے۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے ژنہوا نے بدھ کو ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہیوسی کمپنی کے بعض مسائل صرف چند افراد کی وجہ سے نہیں، بلکہ یہ کمپنی کی طرف سے کیے گئے انتطام کا حصہ ہیں۔

میکڈونلڈ، 'کے ایف سی'، برگر کنگ، سٹاربکس اور کئی دوسرے ریستورانوں نے ان کھانوں کی وہ اشیا واپس لے لی ہیں جن میں ہیوسی کمپنی کی طرف سے فراہم کیا گوشت استعمال ہوا تھا۔

ابھی تک زائد المیعاد گوشت کے استعمال والی اشیاء کے استعمال سے کسی کے بیمار ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہیوسی کمپنی کا گوشت جاپان میں بھی فروخت کیا گیا ہے۔

زائد المیعاد گوشت کے بارے میں رپورٹ نشر ہونے کی وجہ سے کئی کمپنیوں نے غم و غصہ کا اظہار کیا ہے جو محفوظ خوراک کے بارے میں بہت حساس ہیں۔ چین میں حالیہ برسوں میں خوراک کی حفاظت سے متعلق کئی اسکینڈل سامنے آئے جن کی وجہ سے بچوں سمیت کئی افراد ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG