رسائی کے لنکس

چین: ہاتھی دانت سے بنی اشیا کی درآمد پر پابندی عائد


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق پابندی کا یہ اقدام " افریقی ہاتھیوں کے تحفظ کے لیے ہے اور ایک سال کی مدت متعین کرنے کا مقصد پابندی کے اثرات کا جائزہ لینا ہے۔"

چین نے ایک سال کے لیے ہاتھیوں کے دانت سے تیار کردہ اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کر دی ہے جو جمعرات سے نافذ العمل ہو چکی ہے۔

محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی طرف سے اس پابندی کا اعلان ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب کہ آئندہ چند روز میں برطانیہ کے شہزادہ ولیم چین کے دورے پر آ رہے ہیں جنہوں نے جنگلی حیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے۔

بیجنگ نے اس بین الاقوامی میثاق پر دستخط کر رکھے ہیں جس کے تحت نسل معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار جانوروں کی تجارت ممنوع ہے، لیکن وہ دنیا میں غیر قانونی ہاتھی دانت کی سب سے بڑی کھپت والا ملک ہے۔

اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ہر سال ہزاروں افریقی جنگلی ہاتھی غیر قانونی طور پر ہلاک کر دیے جاتے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق پابندی کا یہ اقدام " افریقی ہاتھیوں کے تحفظ کے لیے ہے اور ایک سال کی مدت متعین کرنے کا مقصد پابندی کے اثرات کا جائزہ لینا ہے۔"

شہزادہ ولیم ماضی میں چین پر اس کی ہاتھیوں کے دانتوں کی کھپت کے باعث تنقید کر چکے ہیں۔

معدوم ہوتی نسل کے جانوروں کی تجارت سے متعلق میثاق کی نگرانی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ 2013ء میں بیس ہزار سے زائد افریقی ہاتھیوں کو ہاتھی دانت حاصل کرنے کے لیے ہلاک کیا گیا جس کے بعد اس نسل کے ہاتھیوں کی تعداد ایک اندازے کے مطابق صرف پانچ لاکھ رہ گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG