رسائی کے لنکس

پاکستان میں بجلی کے 14 چینی منصوبوں کی منظوری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ان منصوبوں میں پانی، ہوا اور شمسی ذرائع کے علاوہ کوئلے سے بجلی پیدا کی جائے گی۔

چین نے پاکستان میں دس ہزار میگاواٹس سے زائد بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی منظوری دی ہے جن کے مکمل ہونے سے توانائی کے بحران کے شکار ملک پاکستان کی ضروریات پورا کرنے میں قابل ذکر حد تک مدد ملے گی۔

وزیراعظم نواز شریف کے دفتر سے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ 14 منصوبے ترجیحی بنیادوں پر ملک کے مختلف حصوں میں شروع کیے جا رہے ہیں جو کہ 2017ء اور 2018ء میں مکمل ہونے کے بعد بجلی کی پیدوار شروع کر دیں گے۔

ان منصوبوں سے دس ہزار چار سو میگاواٹس بجلی دستیاب ہو سکے گی۔

ان منصوبوں میں پانی، ہوا اور شمسی ذرائع کے علاوہ کوئلے سے بجلی پیدا کی جائے گی۔

بیان کے مطابق یہ منصوبے فوری طور پر شروع ہو رہے ہیں اور یہ پاکستان اور چین کے گہرے دوستانہ تعلقات اور بین الاقوامی برادری کی پاکستانی حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کی غمازی کرتے ہیں۔

پاکستان کو حالیہ برسوں میں توانائی کے شدید بحران کا سامنا رہا ہے جس سے نہ صرف اس کا صنعتی شعبہ متاثر ہوا بلکہ گھریلو صارفین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

امریکہ بھی پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکلنے میں مدد دینے کے لیے مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرتا چلا آ رہا ہے جس میں نئے ڈیموں کی تعمیر میں مدد کے علاوہ، پہلے سے موجود بجلی گھروں کی استعداد کار بڑھانے اور بجلی کی ترسیل کے نظام کو زیادہ فعال بنانے میں اعانت بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG