رسائی کے لنکس

چین کے صدر کا دورہٴامریکہ، صدارتی امیدواروں کی تنقید


ویسکونسن کے گورنر، اسکاٹ والکر نے صدر اوباما پر زور دیا ہے کہ آئندہ ماہ مسٹر ژی کا دورہ اور وائٹ ہاؤس میں عشائیہ منسوخ کر دیا جائے

ایک ریپبلکین صدارتی امیدوار نے عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں اتار چڑھاؤ کی حالیہ لہر کے باعث چین کی کرنسی کی قدر میں کمی کے پس منظر میں چینی صدر ژی جن پنگ کے پہلے سرکاری دورہٴ امریکہ کے موقع پر ان کے خلاف سخت الفاظ کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

ویسکونسن کے گورنر، اسکاٹ والکر نے صدر اوباما پر زور دیا ہے کہ آئندہ ماہ مسٹر ژی کا دورہ اور وائٹ ہاؤس میں عشائیہ منسوخ کر دیا جائے۔

انھوں نے سوموار کو امریکی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے رجحان پر کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ چین کو دنیا میں دیگر لوگوں کی طرح چاہیئے کہ امریکہ کی قیادت کا احترام کرے۔ اس وقت ہمارا مسئلہ یہی ہے کہ وہ ہمارا احترام نہیں کرتے۔‘

ان کا یہ مؤقف ایسے وقت میں سامنےآیا ہے جب وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کی قومی سلامتی کی ایڈوائزر سوزن رائس اس ہفتے کے آخیر میں بیجنگ کا دورہ کریں گی اور چینی حکام کے ساتھ کئی امور پر تبادلہ خیال کریں گی۔

اپنے بیان میں والکر نے ایشیاء میں امریکہ کے اس بڑے تجارتی پارنٹر سے شکایات کی ایک فہرست کا حوالہ بھی دیا۔

بقول اُن کے، ’چین کا بڑے پیمانے پر امریکہ پر سائبر حملہ، اس کا جنوبی چین میں فوجی تنصیبات قائم کرنا، اپنی معیشت میں مسلسل ریاستی مداخلت، عیسائیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو مسلسل تکلیف پہنچانے کے پس منظر میں صدر اوباما کو چاہئے کہ وہ یہ سرکاری دورہ منسوخ کردیں‘۔

والکر کا یہ بیان ان کے مدمقابل ریپبلکن صف اول کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی تقلید ہے، جو چین اور میکسیکو کے خلاف مہم چلائے ہوئے ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے سوموار کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ، ’کمزور منصوبہ بندی اور چین اور ایشیا کو ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت دینے کے نتیجے میں ہماری مارکیٹ تباہ ہو رہی ہے، اور یہ بہت زیادہ بے ہنگم بھی ہوسکتی ہے۔ اس لئے ٹرمپ کو ووٹ دیں۔‘

امریکی صدارتی امیدوار طویل عرصہ سے چین کو کسی بھی امریکی صدر پر تنقید کے لئے بطور ہتھیار استعمال کرتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG