رسائی کے لنکس

دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 166 رنز کی برتری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یاسر شاہ ٹیسٹ میچوں میں تیزترین 50 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے باؤلر بن گئے۔ انھوں نے نو ٹیسٹ میچ کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

پاکستان کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے ہیں اور اسے مہمان ٹیم پر 166 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

جمعہ کو کولمبو میں میزبان ٹیم نے اپنی اننگز 70 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو جلد ہی سنگاکارا ذوالفقار بابر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 34 رنز بنائے۔

دوسرے دن کے کھیل کی خاص بات جہاں کپتان اینجلو میتھیوز کے شاندار 77 رنز تھے وہیں پاکستان کے اسپنر یاسر شاہ نے بھی اپنے ٹیسٹ کریئر کا ایک سنگ میل عبور کیا۔

یاسر شاہ ٹیسٹ میچوں میں تیز ترین 50 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے باؤلر بن گئے۔ انھوں نے نو ٹیسٹ میچ کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس کے پاس تھا جنھوں نے دس ٹیسٹ میچ کھیل کر 50 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

سری لنکا کی طرف سے دوسرے نمایاں بلے باز سلوا رہے جنہوں نے 80 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ نے پانچ، محمد حفیظ، جنید خان اور ذوالفقار بابر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو سری لنکا نے نو وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے تھے۔ ہیراتھ دس اور چمیرا بغیر کوئی رن کے کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل ہے۔ گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

XS
SM
MD
LG