رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ نے چوتھے ون ڈے میں پاکستان کو ہرادیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی اننگز کی خاص بات یونس خان کی سینچری تھی جنہوں نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ نے متحدہ عرب امارات میں جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کو سات رنز سے شکست دیدی ہے۔

بدھ کو ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے میچ میں کیویز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے۔

جواباً پاکستانی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بناسکی۔

پاکستانی بلے بازوں کو کیوی بالروں کا سامنا کرنے میں واضح مشکلات درپیش رہیں اور قومی ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

پاکستانی اننگز کی خاص بات یونس خان کی سینچری تھی جنہوں نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے۔

شاہد آفریدی نے 49 اور ناصر جمشید نے 30 رنز اسکور کیے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈینئل ویٹوری نے تین وکٹیں لیں۔

اس سے قبل کیویز کی اننگز کے دوران ولیم سن 123 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ گپٹل نے 58 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عرفان نے دو جب کہ سہیل تنویر، انور علی اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کی میچ میں نیوزی لینڈ کی فتح کے بعد پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے۔ سیریز کا آخری میچ جمعے کو ابو ظہبی میں ہی کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل بدھ کو کھیل کے آغاز پر کھلاڑیوں نے پاکستان کے شہر پشاور کے ایک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے پشاور سانحہ کے سوگ میں بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں جب کہ اس موقع پر کئی کھلاڑی آبدیدہ بھی نظر آئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی آمدنی سانحہ پشاور کے متاثرین کو دینے کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG