رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش نے بھارت کو 79 رنز سے شکست دے دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ابتدائی بلے باز روہت شرما 63 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ ویرات کوہلی صرف ایک اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی پانچ رنز ہی بنا سکے۔

بنگلہ دیش نے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں بھارت کو 79 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

جمعرات کو شیربنگلا اسٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 307 رنز بنائے۔

ابتدائی بلے باز تمیم اقبال اور سؤمیا سرکار نے بھارتی باؤلروں کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 108 رنز بنائے۔ سرکار ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ تمیم نے 60 رنز اسکور کیے۔

شکیب الحسن 52 رنز کے ساتھ تیسرے نمایاں بلے باز رہے۔

بھارت کی طرف سے روی چندرن ایشون نے تین، بھویشنور کمار اور یادوو نے دو، دو جب کہ موہت شرما اور جدیجہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مہمان ٹیم کی ابتدا بھی قابل اعتماد رہی۔ شیکھر دھوون جب 30 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو اس وقت بھارت کا مجموعی اسکور 95 رنز تھا لیکن اس کے بعد یکے بعد دیگر بھارتی بلے باز آؤٹ ہوتے رہے۔

ابتدائی بلے باز روہت شرما 63 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ ویرات کوہلی صرف ایک اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی پانچ رنز ہی بنا سکے۔

ہدف کے تعاقب میں پوری بھارتی ٹیم چھیالیس اوورز میں 228 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بنگلہ دیش کی طرف سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے مستفیض الرحمن نے پانچ، تسکین احمد اور شکیب الحسن نے دو، دو جب کہ مشری مرتضیٰ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مستفیض الرحمن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG