رسائی کے لنکس

تیسرا ٹیسٹ: انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 306 رنز بنا کر آؤٹ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تیسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے تھے۔ ابتدائی بلے باز محمد حفیظ اپنی سینچری سے محض تین رنز کی دوری پر ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز میں 306 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے جواب میں پاکستان نے اب تک تین وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا لیے ہیں۔

شارجہ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 234 رنز بنائے تھے۔

منگل کو میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کی ٹیم نے اپنے اسکور 222 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا لیکن صرف مجموعی اسکور میں صرف پانچ رنز کے اضافے کے ساتھ ہی اس کی پانچویں وکٹ ٹیلر کی صورت میں گری۔

جیمز ٹیلر نے چھ چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کرنے میں کردار ادا کیا تھا اور وہ انگلینڈ کی طرف سے اس اننگز کے نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستانی باؤلروں نے منگل کو برطانوی بلے بازوں کو جم کر نہ کھیلنے دیا اور پوری ٹیم کو 306 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

شعیب ملک نے چار، یاسر شاہ نے تین، راحت نے دو اور ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز پر صرف 72 رنز کی ہی برتری حاصل ہو سکی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز قدرے پراعتماد انداز میں شروع کی۔

101 کے مجموعی اسکور پر اظہر علی 34 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے اور ان کے بعد آنے والے شعیب ملک بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یونس خان تھے جنہوں نے 14 رنز بنائے۔

تیسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو محمد حفیظ 97 رنز پر کھیل رہے تھے جب کہ ان کا ساتھ دینے کے لیے راحت علی میدان میں آئے تھے۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک، صفر سے برتری حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG