رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی ٹیم کی خاص بات شاہد آفریدی کی جارحانہ بلے بازی رہی جنہوں نے تین چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ نے دو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ایک، صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

ہفتہ کو ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی لیکن اس کی کارکردگی متاثر کن نہ رہی اور پوری پاکستانی ٹیم 45.3 اوورز میں 210 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔

211 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 39.3 اوورز میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ٹیلر اور ایلیوٹ نے بالترتیب 59 اور 64 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

ایلیوٹ کو آل راؤنڈ کاکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کی طرف سے محمد عرفان، بلاول بھٹی اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے پاکستان نے جب بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسے ابتدا ہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اوپنر محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے ملز کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ احمد شہزاد بھی صرف 15 رنز بنا سکے۔

تجربہ کار بلے باز یونس خان بھی صرف نو رنز بنا پویلین لوٹ گئے۔

کپتان مصباح الحق اور حارث سہیل نے کچھ دیر کیوی بالروں کے سامنے مزاحمت کی لیکن یہ سلسلہ بھی زیادہ دیر نہ چل سکا اور حارث 23 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 81 تھا۔

عمر اکمل نے بھی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دو چوکوں کی مدد سے 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستانی ٹیم کی خاص بات شاہد آفریدی کی جارحانہ بلے بازی رہی جنہوں نے تین چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے جب کہ دوسرے نمایاں بلے باز کپتان مصباح الحق تھے جنہوں نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 58 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ایلیوٹ نے تین، اینڈریسن، ملز اور بوئلٹ نے دو، دو جب کہ ملنے نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز کا دوسرا میچ تین فروری کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG