رسائی کے لنکس

محمد حفیظ کی ٹیسٹ کریئر میں پہلی ڈبل سینچری


محمد حفیظ (فائل فوٹو)
محمد حفیظ (فائل فوٹو)

تیسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 537 رنز بنائے تھے اور اسے میزبان ٹیم پر 205 رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں پہلی ڈبل سینچری اسکور کر لی ہے۔

یہ سنگ میل انھوں نے جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف کھُلنا میں ہو رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز عبور کیا۔

اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 197 تھا جو انھوں نے گزشتہ نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف بنایا تھا۔

میچ کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 227 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کچھ ہی دیر بعد اظہر علی بولڈ ہوگئے۔ انھوں نے 83 رنز بنائے۔

ٹیسٹ کرکٹ کے تجربہ کار کھلاڑی محمد یونس صرف 33 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

محمد حفیظ تین چھکوں اور 23 چوکوں کی مدد سے 224 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان مصباح الحق 59 رنز ہی بنا سکے۔

تیسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 537 رنز بنائے تھے اور اسے میزبان ٹیم پر 205 رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 332 رنز بنائے تھے۔

اس دورے میں اب تک کھیلی گئی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کی سیریز میزبان ملک کے نام رہی اور پاکستان بری طرح ناکامی سے دوچار ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG