رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: پاکستان کی چار وکٹوں سے فتح


پاکستان کی طرف سے صہیب مقصود نے 89 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی جب کہ دوسرے نمایاں بلے باز فواد عالم تھے جنہوں نے 62 رنز بنائے۔

پاکستان نے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر لی۔

ہفتہ کو ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے فتح کے لیے پاکستان کو 276 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان نے یہ ہدف آخری اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

بارش کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا اور 50 کی بجائے اسے 45 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

پاکستان کی طرف سے صہیب مقصود نے 89 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی جب کہ دوسرے نمایاں بلے باز فواد عالم تھے جنہوں نے 62 رنز بنائے۔

سری لنکا کی اننگز کا آغاز کچھ نہیں تھا اور صرف 16 کے مجموعی اسکور پر اس کے ابتدائی بلے باز دلشان ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ محمد عرفان نے لی جن کی ایک عرصے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی تھی۔

75 کے مجموعی اسکور پر میزبان ٹیم کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے لیکن پھر جے وردنے اور کپتان انجلیو میتھیوز نے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا اور اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا۔

جے وردنے 63 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ میتھیوز نے دو چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 89 رنز اسکور کیے۔ انھیں وہاب ریاض نے کلین بولڈ کیا۔

45 اوورز میں سری لنکا نے سات وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے تین، محمد عرفان نے دو اور محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں پاکستانی اسپنر سعید اجمل شامل نہیں کیونکہ ان کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کے بعد ان کے باؤلنگ ایکشن کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔

اس میچ کی ایک اور خاص بات یہ بھی ہے کہ پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

انھوں نے 379 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس سے پہلے انضمام الحق کے پاس یہ اعزاز تھا جنہوں نے 378 میچز کھیلے تھے۔

XS
SM
MD
LG