رسائی کے لنکس

سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 92 رنز سے شکست دے دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جمعرات کو میلبورن میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 332 رنز بنائے۔

سری لنکا نے کرکٹ ورلڈ کپ کے پول اے کے ایک میچ میں بنگلہ دیش کو 92 رنز سے شکست دے دی ہے۔

جمعرات کو میلبورن میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 332 رنز بنائے۔

ابتدائی بلے باز تھریمانے 52 رنز بنا کر جب آؤٹ ہوئے تو سری لنکا کا مجموعی اسکور 122 رنز تھا۔

دلشان اور سنگاکارا نے ذمہ دارانہ اور پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیش کے لیے ایک مشکل ہدف کا تعین کرنے میں اپنی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ دونوں نے بالترتیب 161 اور 105 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ حریف باؤلروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 47 اوورز میں 240 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بنگلہ دیش کی طرف سے صابر رحمان 53 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

سری لنکا کے مالنگا نے تین، لاکمال اور دلشان نے دو، دو جب کہ میتھیوز اور پریرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شاندار کارکردگی پر دلشان نے میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔

سری لنکا اب تک تین میچ کھیل چکا ہے جس میں سے دو میں اسے کامیابی ہوئی اور وہ پول اے میں دوسری پوزیشن پر ہے۔ بنگلہ دیش نے تین میچ کھیل کر ایک میں کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG