رسائی کے لنکس

بھارت نے آئرلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا


شیکھر دھوون (فائل فوٹو)
شیکھر دھوون (فائل فوٹو)

روہت شرما نے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 64 رنز اسکور کیے جب کہ شیکھر دھوون نے پانچ چھکوں اور 11 چوکوں پر مشتمل سینچری اسکور کی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

بھارت نے گیارہویں کرکٹ ورلڈ کپ کے پول بی کے ایک میچ میں آئرلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

منگل کو ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور اس کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 259 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آئرلینڈ کی اننگز کا آغاز خاصا پراعتماد رہا۔ ابتدائی بلے باز پورٹرفیلڈ 67 اور اوبرائن 75 رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے نمایاں بلے باز رہے۔

بھارت کی طرف سے محمد شامی نے تین، ایشون نے دو جب کہ یاددو، موہت شرما، جدیجہ اور رائنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

260 رنز کا ہدف بھارتی ٹیم نے حارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 36.5 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ابتدائی بلے باز روہت شرما نے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 64 رنز اسکور کیے جب کہ شیکھر دھوون نے پانچ چھکوں اور 11 چوکوں پر مشتمل سینچری اسکور کی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کو آئرلینڈ کے تھامسن نے آؤٹ کیا۔

یہ کرکٹ کے اس میگا ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن بھارت کی مسلسل پانچویں فتح تھی۔

پول بی میں بھارت دس پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جب کہ جنوبی افریقہ چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جب کہ پاکستان کے بھی چھ پوائنٹس ہیں لیکن وہ رن کی اوسط میں کمی کی وجہ سے تیسرے نمبر پر ہے۔

آئرلینڈ کا پول بی میں چوتھا جب کہ ویسٹ انڈیز کا پانچواں نمبر ہے۔ دیگر دو ٹیموں میں زمبابوے چھٹے اور متحدہ عرب امارات آخری یعنی ساتویں نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG