رسائی کے لنکس

دوسرا ٹی20: زمبابوے کو شکست، پاکستان نے سیریز جیت لی


کپتان کے فیصلے کو پاکستانی بالرز نے حقیقت میں بدل دیا، اور ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا۔

پاکستان نے زمبابوے کے خلاف اسی کی سرزمین پر دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ15رنز سے جیت لیا۔ میچ میں فتح کے ساتھ ہی اس نے دو میچوں کی سیریز بھی دو صفر سے جیت لی۔

منگل کو ہرارے میں کھیلے جانے والے اس میچ کا ٹاس پاکستان نے جیتا اور کپتان شاہد آفریدی نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ اوورز میں پاکستانی ٹیم نے کمزور بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو جیت کے لئے صرف 137 رنز کا ہدف دیا۔

کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والوں اور ماہرین نے اسے بڑا اسکور قرار نہیں دیا۔ تاہم، کپتان کے فیصلے کو پاکستانی بالرز نے درست کر دکھایا اور ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا۔ زمبابوے کے کھلاڑی 20 اوورز میں 121 رنز ہی بناسکے، اور یوں پاکستان نے میچ کے ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

زمبابوے ٹیم ابتدا ہی سے مشکلات میں گھری رہی، کیونکہ اس کے چار ٹاپ کلاس کھلاڑی صرف 24کے اسکور پر آوٴٹ ہوگئے۔ سین ولیمز اور سکندر رضا نے زمبابوے کی گرتی ہوئی وکٹوں کو روکنے میں کسی حد تک کامیابی حاصل کی اور دونوں نے بالترتیب 40 اور 36 رنز بنائے۔

ان کی پارٹنرشپ میں زمبابوے کو 60 رنز کا فائدہ ہوا۔ لیکن، ان کے بعد کریس پر آنے والے کھلاڑیوں نے ولیمز کا ساتھ نہیں دیا، جس سے رن ریٹ پر فرق پڑتا چلا گیا اور میچ کے آخر تک یہی صورتحال رہی۔

پاکستانی بالرز محمد عرفان اور عمران خان نے دو، دو وکٹس حاصل کیں، جبکہ سہیل تنویر اور عماد وسیم ایک، ایک وکٹ ہی لے پائے۔

میچ میں شاندار پرفارمنس پر، عمر اکمل کو ’مین آف دی میچ‘ اور عماد وسیم کو ’مین آف دی سیریز‘ قرار دیا گیا۔ میچ کی کامیابی کا پاکستان کو ایک فائدہ یہ بھی ہوا کہ فتح کے ساتھ ہی اس کی ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ بہتر ہو کر دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔

XS
SM
MD
LG