رسائی کے لنکس

پی ٹی آئی نے 8 کروڑ کا معاوضہ ادا نہیں کیا: ڈی جے بٹ کا دعویٰ


ڈی جے بٹ کا دعویٰ ہے کہ اسلام آباد دھرنے کے دوران 126 روز تک ان کا ساوٴنڈ سسٹم استعمال ہوتا رہا۔ تحریک انصاف کے ساتھ ان کا یومیہ معاوضہ 6 لاکھ 50 ہزار روپے طے ہوا تھا۔ اس طرح، ان کا مجموعی بل 14 کروڑ روپے بنا

سیاسی جلسوں میں رہنماوٴں کی گرماگرم تقریروں کے بیچ بیچ میں ملی نغمے اور پارٹی ترانے بجانے کی روایت پاکستان تحریک انصاف کی شروع کردہ ہے۔

گزشتہ سال، یعنی 2014ء میں اسلام آباد میں 126 روز تک جاری رہنے والا دھرنا دن رات انہی ملی نغموں اور ترانوں سے گونجتا رہا اور یہ ترانے و نغمے بجانے کی ذمے داری ڈسک جو کی ’بٹ‘ کی تھی جنہیں ’ڈی جے بٹ‘ بھی کہا جاتا ہے۔

پیر کے روز ڈی جے بٹ اچانک نجی چینلز پر نمودار ہوئے اور یہ دعویٰ کرتے نظر آئے کہ پاکستان تحریک انصاف ان کی تقریباً آٹھ کروڑ روپے کی مقروض ہے۔ ’جیو نیوز‘، ’ایکسپریس نیوز‘ اور دیگر کئی چینلز نے ان کا موقف انہی کی آواز میں پیش کیا۔

ڈی جے بٹ کا دعویٰ ہے کہ اسلام آباد دھرنے کے دوران 126 روز تک ان کا ساوٴنڈ سسٹم استعمال ہوتا رہا۔ تحریک انصاف کے ساتھ ان کا یومیہ معاوضہ 6 لاکھ 50 ہزار روپے طے ہوا تھا۔ اس طرح، ان کا مجموعی بِل 14کروڑ روپے بنا۔

ڈی جے نے اپنے موقف میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے رقم کی ادائیگی کے لئے پارٹی رہنما عمران خان سے رابطہ کیا تھا، جس پر عمران خان نے ایک کمیٹی بنادی، جبکہ مجھے 5 کروڑ 90 لاکھ روپے ادا کردیئے گئے۔ لیکن، بقایا رقم جو آٹھ کروڑ سے زیادہ بنتی ہے، اس کا اب تک کچھ نہیں ہوا۔ یہاں تک کہ میں معاشی مسائل کا شکار ہوگیا ہوں۔

ڈی جے بٹ کے دعوے پر پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’بٹ سے ان کی بات ہوئی ہے، معاملہ جلد حل کر لیں گے۔‘

بٹ کے اس دعوے کے بعد پاکستان کے مقامی میڈیا میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

ناقدین کی جانب سے کئی اہم سوال اٹھائے گئے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ اگر صرف ایک جوکی کا بل کروڑوں روپے ہوسکتا ہے تو طویل ترین دھرنوں پر تو شاید اربوں اور کھربوں روپے کی رقم خرچ ہوگی ۔۔اور کیا پاکستان جیسا غریب ملک اس قسم کی فضول خرچی کا متحمل ہوسکتا ہے؟

XS
SM
MD
LG