رسائی کے لنکس

ایبولا سے نمٹنے کے لیے بیس گنا زیادہ وسائل درکار: بان کی مون


اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ اس قسم کی امدادی اشیاٴ میں موبائل لیباریٹریاں، گاڑیاں، ہیلی کاپٹر، حفاظتی آلات، تربیت یافتہ طبی اہل کار اور طبی انخلاٴ کی سہولیات شامل ہیں

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل، بان کی مون کا کہنا ہے کہ مغربی افریقہ میں ایبولا سے نمٹنے کے لیے، ضرورت اِس بات کی ہے کہ دنیا اپنے وسائل کو 20 گُنا حد تک متحرک کردے۔

اُنھوں نے یہ بات جمعرات کو عالمی بینک کی طرف سے واشنگٹن میں ایبولا پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں وڈیو کانفرنس کے ذریعے، گِنی، لائبیریا اور سیئرا لیون کے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں کے اعلیٰ سطحی اہل کار اور صدور شریک تھے۔


مسٹر بان نے کہا ہے کہ امداد میں موبائل لیباریٹریاں، گاڑیاں، ہیلی کاپٹر، حفاظتی آلات، تربیت یافتہ طبی اہل کار اور طبی انخلاٴ کی سہولیات شامل ہیں۔

عالمی بینک گروپ کے سربراہ، جِم ینگ کِم نے گروپ کو بتایا کہ جب تک ایبولہ وائرس کے پھیلاؤ کو فوری اقدام سے روکا نہیں جاتا، بقول اُن کے، ’افریقہ کے مستقبل کو خطرہ لاحق رہے گا‘۔

اُنھوں نے کہا کہ متاثرہ ملکوں میں صحت عامہ کی نگہداشت سے وابستہ تجربہ کار مزید کارکنوں کی اشد ضرورت ہے۔ صحت کے عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ اس سال مغربی افریقہ میں ایبولا کے باعث 230 سےزائد صحت عامہ کے کارکن ہلاک ہو چکے ہیں۔

کِم نے کہا کہ جمعرات کو ہونے والے اس اجلاس کے شرکاٴ اس بات پر گفتگو کریں گے کہ متاثرہ ملکوں کی مدد کے لیے کونسے ٹھوس اقدامات کیے جاسکتے ہیں، تاکہ اِس وبا سے بہتر طور پر نمٹا جاسکے، اور اس کے معیشت پر پڑنے والے طویل المدتی اثرات سے بچا جاسکے۔


آسٹریلیا میں ایبولا کی ممکنہ علامات ظاہر ہونے پر ایک نرس کے طبی معائنہ کیا جارہا ہے، ایسے میں جب بین الاقوامی برادری اس وائرس سے نمٹنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

ریاست کئینزلینڈ کی صحت عامہ سے متعلق ایک اہل کار، جینٹ ینگ نے بتایا ہے کہ سیئرا لیون سے واپسی کے فوری بعد، جہاں وہ ایبولا کے مریضوں کی دیکھ بھال کر رہی تھیِ اِس 57 برس کی نرس کو کم درجے کا بخار شروع ہوا۔

طبی نمونوں کے نتائج جمعے تک جاری کیے جانے کی توقع ہے۔

ینگ نے اِس بات پر زور دیا کہ اگر اس خاتون کو ایبولا کی بیماری لگ گئی ہے، تو بھی عام لوگوں کو اس کے پھیلنے سے متعلق تشویش کی کوئی ضرورت نہیں۔


اس سے ایک ہی روز قبل، امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس کے ایک اسپتال میں داخل ایبولا کا ایک مریض فوت ہوا۔

XS
SM
MD
LG