رسائی کے لنکس

محمد مرسی کے 529 حامیوں کو سزائے موت


مصر کی عدالت کی طرف سے جن افراد کو سزا سنائی گئی اُن میں سے 100 زیر حراست ہیں جب کہ زیادہ تر پر اُن کی غیر موجودگی ہی میں مقدمہ چلایا گیا۔

مصر کی ایک عدالت نے اخوان المسلمین کے 529 افراد کو سزائے موت کا حکم دیا ہے، ان افراد کو پولیس افسران کے قتل، تھانوں پر حملوں اور تشدد کے دیگر جرائم میں ملوث ہونے پر یہ سزا سنائی گئی۔

گزشتہ سال جولائی میں برطرف کیے گئے صدر محمد مرسی کے حامیوں کے خلاف فیصلہ قاہرہ سے دو سو کلومیٹر کے فاصلے پر منیہا کی ایک عدالت نے پیر کو سنایا۔

جن افراد کو سزا سنائی گئی وہ اس کے خلاف اپیل دائر کر سکتے ہیں۔

عدالت کی طرف سے جن افراد کو سزا سنائی گئی اُن میں سے 100 زیر حراست ہیں جب کہ زیادہ تر پر اُن کی غیر موجودگی ہی میں مقدمہ چلایا گیا۔ عدالت نے 16 دیگر افراد کو بری کر دیا ہے۔

ان افراد پر منیہا میں گزشتہ سال اگست میں جھڑپوں کے دوران تشدد کے واقعات میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ قاہرہ میں اخوان المسلمین کے دو کیمپوں پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے بعد شروع ہونے والے تشدد کے سلسلے میں کئی سو افراد ہلاک ہوئے۔

محمد مرسی کی حامی جماعت اخوان المسلمین کے کئی عہدیدار گزشتہ سال جولائی سے زیرحراست ہیں اور اُنھیں متعدد جرائم میں کردار ادا کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ مصر کی عبوری حکومت کی طرف سے اخوان المسلمین کے خلاف کارروائی کی گئی اور تنظیم کو ’’دہشت گرد‘‘ قرار دیا۔
XS
SM
MD
LG