رسائی کے لنکس

انتخابی مہم کا آخری مرحلہ، سیکورٹی و دیگر انتظامات میں تیزی


پولنگ اسٹیشن کی حدود میں پریزائڈنگ آفیسر کے علاوہ عملے کا کوئی بھی رکن موبائل فون کا استعمال نہیں کرسکے گا۔ شہر میں 3 روز کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ حلقے کے تمام وفاقی و صوبائی ملازمین کے لئے عام تعطیل ہوگی اورحلقے میں اس روز لوڈشیڈنگ بھی نہیں ہوگی

کراچی میں جاری انتخابی مہم آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہٴاخلاق کے مطابق، مہم منگل کی رات 12 بجے ختم ہوجائے گی، جس کے بعد کوئی بھی امیدوار مہم جاری نہیں رکھ سکے گا۔ پولنگ کیلئے جمعرات 23 اپریل کا دن مقرر ہے۔

آخری مرحلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی سیکورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جانے لگی ہے۔ شہر میں 3 روز کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور پولنگ اسٹیشن کی حدود میں موبائل فون استعمال کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن کی حدود میں پریزائڈنگ آفیسر کے علاوہ عملے کا کوئی بھی رکن موبائل فون کا استعمال نہیں کرسکے گا۔

جمعرات کو حلقے کے تمام وفاقی و صوبائی ملازمین کے لئے عام تعطیل ہوگی اورحلقے میں اس روز لوڈشیڈنگ بھی نہیں ہوگی۔

ادھر پیر کو آزاد امیدوار محفوظ یار ایڈووکیٹ ایم کیو ایم کے نامزد امیدوار کنور نوید جمیل کے حق میں دستبردار ہوگئے۔

موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش محکمہ داخلہ سندھ سے آئی جی غلام حیدر جمالی نے کی تھی۔اس پر اطلاق پیر کی رات 12 بجے سے 23 اپریل کی رات 12 بجے تک ہوگا۔

قومی اسمبلی کی نشست حلقہ این اے 246 کراچی VIII میں تین اہم امیدوار یعنی متحدہ قومی موومنٹ کے کنور نوید جمیل، پی ٹی آئی کے عمران اسماعیل اور جماعت اسلامی کے راشد نسیم ایک دوسرے کے مقابل ہیں۔

مجموعی طور پر 15امیدواروں کو حتمی فہرست جاری ہوئی تھی، تاہم ان میں سے آزاد امیدوار محفوظ یار ایڈووکیٹ اور اشرف علی قریشی پولنگ سے پہلے ہی بالترتیب ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے حق میں دستبردار ہوچکے ہیں جبکہ ایک امیدوارعثمان معظم کا تعلق’ پاسبان پاکستان ‘سے ہے اور باقی امیدوار آزاد حیثیت سے انتخاب لڑرہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG