رسائی کے لنکس

کیا ایما واٹسن مستقبل کی برطانوی شہزادی ہیں؟


'وومن میگزین' نے داخلی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ شہزادہ ہیری نے ایما واٹسن کو ایک مختصر ای میل لکھی تھی، جس میں پرنس ہیری کی جانب سے مس واٹسن کو ایک نجی ملاقات کی دعوت دی گئی تھی

برطانوی ذرائع ابلاغ اور انٹرنیٹ کی ویب سائٹس پر ان دنوں شاہی خاندان کےکنوارے شہزادے پرنس ہیری اور ہالی وڈ کی نامور اداکارہ ایما وٹسن کے درمیان خفیہ رومانوی تعلقات کےحوالےسے افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

سوشل میڈیا، خاص طور پر سماجی رابطےکی ویب سائٹ، ٹوئٹر کے صارفین نے پرنس ہیری اور ہرمیاونا کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ایما واٹسن کی متوقع جوڑی کے بارے میں دلچسپ ٹوئٹس کی ہیں، اور اس سوال پرکہ کیا ایما واٹسن مستقبل کی برطانوی شہزادی ہیں دلچسپ قیاس آرائیاں پیش کی ہیں۔

برطانوی روزنامہ 'ڈیلی میل' کے مطابق، شہزادی ڈائنا کے چھوٹے صاحبزادے شہزادہ ہیری اور شہرت یافتہ فلم 'ہیری پوٹر' کی خوبصورت ہیروئن ایما واٹسن کے درمیان معاشقے کا انکشاف ایک آسٹریلوی رسالے نے کیا ہے، جس میں شہزادہ ہیری اور ایما واٹسن کی جوڑی کے درمیان مبینہ طور پر ہونے والی خفیہ ملاقات کے حوالے سےایک خصوصی مضمون شائع ہوا ہے۔

'وومن میگزین' نے اپنے اندرونی ذرائع کے حوالے سے خبردی ہے کہ برطانوی تخت و تاج کے پانچویں وارث شہزادہ ہیری نے ایما واٹسن کو ایک مختصر ای میل لکھی تھی جس میں پرنس ہیری کی جانب سےمس واٹسن کو ایک نجی ملاقات کی دعوت دی گئی تھی۔

میگزین کے مطابق، اگرچہ اس ملاقات میں شہزادہ ہیری اور ایما واٹسن تنہا نہیں تھے بلکہ شہزادے کے چند قریبی ساتھی بھی اس ملاقات میں موجود تھےاور اس ملاقات کو دوستوں کی ایک ہلکی پھلکی پارٹی میں تبدیل کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ہیری چاہتے تھےکہ ایما واٹسن شاہی اداب و آداب کے خیال سے زیادہ پریشان نا ہوں اور خود کو آرام دہ محسوس کریں اسی لیے ملاقات میں دوستوں کو بھی شامل کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے بعد شہزادہ ہیری اورایما واٹسن ایک دوسرے کو اچھی طرح سےجاننے لگے ہیں۔

شہزادہ ہیری اگرچہ اس سے قبل بھی کریسیڈا بونس کے ساتھ رومانوی تعلقات میں منسلک رہے ہیں، لیکن ایما واٹسن کےساتھ شہزادہ ہیری کےرومانوی تعلقات کی خبر کو برطانوی عوام کی جانب سےخاصی سنجیدگی سے لیا جارہا ہے۔

افواہ سازی کے اس طوفان میں ٹوئٹرکے صارفین کا بڑاحصہ ہے جن کے لیے شہزادہ ہیری کا تازہ ترین معاشقہ پر گرما گرم ٹوئٹس کی جارہی ہیں۔

شاہی خاندان کےخیر خواہوں کی جانب سے اس خبر کےسچ ثابت ہونےکی امید کی جارہی ہے ۔ایک ٹویٹ میں ایما واٹسن کو مستقبل کی شہزادی بننے سے پہلے شاہی آداب سیکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔

ایک ٹویٹ میں مستقبل کی شاہی بہو ایما واٹسن اور موجودہ بہو شہزادی کیٹ مڈلٹن کے درمیان دوستی اور خوش گوار تعلقات کے حوالے سے پیشن گوئی کی گئی ہے۔

تاہم، سوشل میڈیا پر اظہار خیال کرنے والوں کی اکثریت کی جانب سےایما واٹسن کو برطانیہ کی مستقبل کی شہزادی کے روپ میں پسند کر لیا گیا ہے۔

ادھر، ایما واٹسن اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر کی حیثیت سے اہم ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں اور حال ہی اپنے قریبی ساتھی میتھیو جینی کےساتھ ان کے دیرینہ مراسم ٹوٹ چکے ہیں۔

ایما واٹسن کے حوالے سے ایک اچھی خبر یہ بھی ہے کہ ان کے شاہی خاندان میں ان کی اچھی خاصی جان پہچان موجود ہے۔گذشتہ برس شاہی محل کی ایک دعوت میں ایما واٹسن شہزادہ ہیری کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم سے ملاقات کر چکی ہیں اور شہزادہ ہیری کے والد شہزادہ چارلس کے ساتھ بھی ان کی ملاقات ہو چکی ہے۔

میل آن لائن کا کہنا ہے کہ اس خبر کے حوالے سے شاہی ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری کی نجی زندگی ان کا نجی معاملہ ہے۔ لہذا، ان کی طرف سے خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی جا سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG