رسائی کے لنکس

فہد مصطفیٰ : ٹی وی ڈراموں کو الوداع، فلموں کو ’ویلکم‘


فہد مصطفیٰ کی ایک فلم ابھی زیر تکمیل ہے، جبکہ دو فلمیں ’ماہ میر‘ اور ’نامعلوم افراد‘ رواں سال ہی ریلیز ہوں گی۔ ان فلموں کے سوشل میڈیا پر ریلز سے پہلے ہی بڑے چرچے ہیں

پاکستانی ڈرامے دیکھنے اور پسند کرنے والوں کو شاید یہ خبر کچھ اچھی نہ لگے کہ ان کے پسندیدہ ایکٹر فہد مصطفیٰ ڈراموں میں کام کرکے بور ہوگئے ہیں اور اب سے وہ کسی ڈرامے میں کام نہیں کریں گے۔

ڈرامہ سیریل ’کوئی نہیں اپنا‘ ان کا آخری ڈرامہ ہے۔ اس بات کا انکشاف خود انہی نے کیا ہے۔ مختلف میڈیا انٹرویو میں انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اب ڈراموں میں اداکاری کے بجائے فلموں میں اداکاری کریں گے اور ڈرامے پروڈیوس کریں گے۔

فہد مصطفیٰ کی ایک فلم ابھی زیر تکمیل ہے، جبکہ دو فلمیں ’ماہ میر‘ اور ’نامعلوم افراد‘ رواں سال ہی ریلیز ہوں گی۔ ان فلموں کے سوشل میڈیا پر ریلز سے پہلے ہی بڑے چرچے ہیں۔

فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ وہ ایک پروڈکشن ہاوٴس ’بگ بینک‘ کے روح رواں ہیں جو اِن دنوں بھی بہت سے ڈرامے پروڈیوس کر رہا ہے۔ اُن کے بقول، ’مستقبل میں، میں اسی پر مزید توجہ دوں گا‘۔

اپنی آنے والی فلم ’نامعلوم افراد‘ کے حوالے سے فہد کا کہنا ہے کہ اس فلم کا سبجیکٹ ’کراچی‘ ہے۔ اس میں کراچی کو بہت ہی خوبصورت انداز میں پکچرائز کیا گیا ہے، اس سے پہلے کراچی کو اتنا خوبصورت شاید کبھی نہ دکھایا گیا ہو۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’فلم کی شوٹنگ لائنز ایریا اور جوبلی جیسے علاقوں میں کی گئی ہے۔ فلم میں میرا کریکٹر ایک لٹیرے کا ہے جو ایک خاص پلاننگ کے تحت یہاں آتا ہے اور ایک ایسی مسٹری تخلیق کرتا ہے، جسے دیکھ کر سب حیران رہ جاتے ہیں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’فلم میں پانچ گانے ہیں 2 رومینٹک دو سچوئیشنل اور ایک آئٹم سونگ۔ یہ کہیں سے بھی آپ کو روایتی انداز کی پاکستانی فلم محسوس نہیں ہوگی۔ اسے اگست کے آخر میں ریلیز کرنے کا پلان ہے۔ سوشل میڈیا پر پرومو ریلیز کر دیا گیا ہے اور تقریباً چھ سے آٹھ لاکھ ہٹس اسے مل چکی ہیں۔‘

XS
SM
MD
LG