رسائی کے لنکس

فرگوسن: پولیس اہلکار پر ’جرم‘ ثابت نہیں ہوا، ہنگامے شروع


صدر براک اوباما کی طرف سے ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ براؤن کے اہل خانہ کے اس موقف پر وہ ان کے ساتھ ہیں کہ "فیصلے کے خلاف جو بھی احتجاج کرے وہ پرامن رہے"۔

امریکہ کی ریاست مزوری میں کئی ماہ تک شواہد اور بیانات کا جائزہ لینے والی گرینڈ جیوری نے سیاہ فام نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کرنے والے سفید فام پولیس افسر پر فرد جرم عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیر کو سینٹ لوئس کاؤنٹی کے وکیل رابرٹ پی میکلاوچ نے گرینڈ جیوری کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ "شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد" جیوری کے ارکان قائل ہیں کہ ایسی کوئی وجہ نہیں جس کے تحت ولسن پر فرد جرم عائد کی جائے۔

فیصلے کے بعد براؤن کے خاندان کی طرف سے جاری ایک بیان میں اس فیصلے پر "شدید مایوسی" کا اظہار کیا۔

صدر براک اوباما
صدر براک اوباما

صدر براک اوباما کی طرف سے ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ براؤن کے اہل خانہ کے اس موقف پر وہ ان کے ساتھ ہیں کہ "فیصلے کے خلاف جو بھی احتجاج کرے وہ پرامن رہے"۔

صدر کے بقول براؤن کے والد کا کہنا تھا کہ "دوسروں کی املاک کو نقصان پہنچانا کوئی جواب نہیں۔۔۔ میں اپنے بیٹے کی موت کو ضائع نہیں کرنا چاہتا۔"

ریاست کے علاقے فرگوسن جہاں 18 سالہ سیاہ فام مائیکل براؤن گولی لگنے سے ہلاک ہوا تھا، سینکڑوں لوگ جمع تھے اور ان میں اکثر اس فیصلے پر ناخوش دکھائی دیے۔ کئی نے پوسٹر اٹھا رکھے تھے جن پر "عمر قید" لکھا ہوا تھا۔

اس فیصلے کے بعد فرگوسن میں مظاہرے شروع ہو گئے، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ بعض احتجاجیوں نے پولیس کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا جبکہ بعض جگہہ دکانوں میں لوٹ مار کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

امریکہ کے بعض مختلف علاقوں سے بھی مظاہرے دیکھنے میں آئے۔

نو اگست کو پیش آنے والے فائرنگ کے اس واقعے کے بعد اس علاقے میں تواتر سے مظاہرے دیکھنے میں آئے جنہوں نے اکثر پرتشدد صورت بھی اختیار کی۔

وکیل میکلاوچ کا کہنا تھا کہ جیوری نے 70 گھنٹوں سے زائد وقت پر محیط بیانات سنے اور شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انھوں نے براؤن کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "تمام لوگ اس معاملے پر بحث اور مظاہرے جاری رکھیں لیکن تعمیری انداز میں ہوں۔"

ولسن کے وکلاء کا کہنا تھا کہ گرینڈ جیوری اس بات پر متفق تھی کہ پولیس افسر کا اقدام قوانین اور پولیس کے قواعد کے مطابق تھا۔

XS
SM
MD
LG