رسائی کے لنکس

ٹیکنالوجی کا انقلاب، 3جی کے بعد 4 جی بھی متعارف


ابتدائی طور پر ایل ٹی ای سروس کا دائرہ کار پانچ بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور فیصل آباد تک محدود ہے۔ تاہم، جلد ہی ان میں اضافہ کردیا جائے گا۔ سروس لینے کے لئے صارفین کو نئی ایل ٹی ای سم اور فور جی ہینڈ سیٹ خریدنا لازمی ہوگا

کراچی ۔۔پاکستان میں ’تھری جی‘ کے بعد اب’ فور جی۔ایل ٹی ای ‘ ٹیکنالوجی بھی متعارف کر ادی گئی ہے، جس کے ساتھ ہی پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہوگیا ہے جہاں ’ایل ٹی ای سروس‘ دستیاب ہے۔

پاکستان میں ’چائنا موبائل‘ ۔۔۔’زونگ‘ فورجی ایل ٹی ای سروس فراہم کرنے والی واحد فون آپریٹنگ کمپنی ہے، حالانکہ ایک اور فون آپریٹنگ کمپنی ’وارد‘ نے بھی رواں ماہ 4جی لانچ کرنے کا عندلیہ دیا تھا۔ تاہم ’زونگ‘ بازی لے گیا۔

زونگ کی جانب سے نئی ٹیکنالوجی کی لانچنگ تقریب کراچی کے پرل کونٹی نینٹل ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ’زونگ کے سی ای او فن یونجن کے علاوہ ٹیکنالوجی، بزنس اور میڈیا کی اہم شخصیات اور ماہرین نے بھی شرکت کی اور اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔

کمپنی کی جانب سے وائس آف امریکہ کو فراہم کی جانے والی معلومات کے مطابق، ابتدائی طور پر ایل ٹی ای سروس کا دائرہ کار پانچ بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور فیصل آباد تک محدود ہے۔ تاہم، جلد ہی ان میں اضافہ کردیا جائے گا۔

اس سروس کے حصول کے خواہشمند صارفین کو نئی ایل ٹی ای سم اور فور جی ہینڈ سیٹ خریدنا لازمی ہوگا۔ سمز کسٹمرسینٹرز پر دستیاب ہیں، جبکہ کمپنی نے ایم ایٹ الیون کے نام سے نیا ہنڈسیٹ بھی مارکیٹ میں متعارف کرا دیا ہے۔

فور جی کے ذریعے 2گیگا بائٹ ڈیٹا سے 30جی بی گیگا بائٹ تک کا ڈیٹا استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ ڈیٹا کو مختلف پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر پیکیج کے نرخ مختلف ہیں۔ جتنا زیادہ ڈیٹا آپ کے زیر استعمال ہوگا اس کے چارجز بھی اتنے ہی زیادہ ہوں گے۔

کمپنی کے سی ای او کے مطابق، انہیں امید ہے کہ نئی ٹیکنالوجی سے ملک کو نئی وسعت حاصل ہوگی اور صارفین روزمرہ استعمال میں مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔

XS
SM
MD
LG