رسائی کے لنکس

اکیلے رہنے والے افراد غیر صحت مند غذا کی طرف راغب ہوتے ہیں: رپورٹ


تحقیق سے اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ تنہائی کا شکار عورتوں کے مقابلے میں اکیلے رہنے والے مردوں کی غذا زیادہ خراب ہوتی ہے۔

ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ اکیلے رہنے والے لوگوں میں غیر صحت مند غذا کھانےکا امکان زیادہ ہوتا ہے ۔

تنہا رہنے اور کھانےکی مقدار کے درمیان روابط کی تحقیقات کے لیے یہ پہلا جامع تحقیقی جائزہ ہے،جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اکیلے رہنے والے لوگ غیر صحت مند اور کم غذائیت والی غذائیں کھانے کی طرف راغب ہو جاتے ہیں۔

جریدہ 'نیوٹریشن ریویو ' میں شائع ہونے والے پیپر میں محققین نے لکھا کہ ناکافی کھانا پکانےکی مہارت، خریدرای کے لیے کسی کا ساتھ نا ہونا اور خاص طور پر کھانے پکانے میں توجہ کا فقدان بعض ایسے عوامل ہیں جن کی وجہ سے اکیلے رہنے والے لوگوں کی کھانے پینے کی عادات مختلف ہوتی ہیں ۔

تحقیق سے اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ تنہائی کا شکار عورتوں کے مقابلے میں اکیلے رہنے والے مردوں کی غذا زیادہ خراب ہوتی ہے۔

کوئنز لینڈ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے تحقیق کاروں کی ٹیم نے اکیلے رہنے اور غذائیت کی انٹیک کےدرمیان تعلق پر تحقیقات کرنے کے لیے 41 مطالعوں کا تجزیہ کیا ہے ۔

کوئنز یونیورسٹی میں ایکسرسائز اور نیوٹریشنز سائنس کے شعبے سے وابستہ تحقیق کار کیتھرین ہانا اور ڈاکٹر پیٹر کولنز نے کہا کہ ہمارے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ اکیلے رہنے والے لوگوں کی غذا ئیں متنوع نہیں تھیں جبکہ ان کی خوراک میں کچھ بنیادی غذائی گروپوں مثال کے طور پر پھلوں، سبزیوں اور مچھلی کی کمی تھی ۔

ڈاکٹر ہانا کہتی ہیں تنہائی کا شکار افراد عمر ،صنف ،تعلیم سماجی اور اقتصادی لحاظ سے ایک دوسرے سے مختلف تھے لیکن ان میں ایک بات مشترک تھی کہ وہ سب خود اپنے لیےکھانا پکانےکے لیے تیار نہیں تھے اور ان سب کے پاس کھانا نا پکانے کے لیے مختلف وجوہات تھیں ۔

مثال کے طور پر ایک شخص جو طلاق یافتہ یا شریک حیات کے دنیا سے گزر جانے کے بعد غمزدہ ہے، ممکن ہے اس سے پہلے شاید اپنی شریک حیات کے پکائے ہوئے کھانوں پر انحصار کرتا تھا اور کھانا پکانے کی ناکافی مہارت کی وجہ سے اپنے لیے صحت مند کھانا نہیں تیار کر سکتا ہے۔ ۔

محققین نے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے کہا کہ تنہائی صحت مند کھانوں کےلیے ایک رکاوٹ نظر آتی ہے مثال کےطور پر کھانے پکانےمیں توجہ اور لطف اندوزی کی کمی کی وجہ سے اکیلے پن کا شکار افراد تیار شدہ کھانوں کو ترجیح دینا شروع کردیتے ہیں۔

انھوں نے مزیدکہا کہ تعاون کی کمی اور صحت مند غذا کےلیےحوصلہ افزائی کی کمی ایسے عوامل ہیں جن سے غیر صحت مند خوراک کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ۔

ڈاکٹر کیتھرین ہانا کے مطابق اقتصادی عوامل بھی اس کی ایک بڑی وجہ ہو سکتے ہیں جو ان کے کھانوں میں مچھلی ،پھل اور سبزیوں کی کم کھپت کی وضاحت کرتے ہیں۔

اسی طرح اکیلے رہنے والےلوگوں کی نفسیاتی مشکلات کا بھی ان کی غذا پر اثر تھا جیسا کہ ایک پچھلی تحقیق میں پتا چلا تھا کہ تنہائی بزرگوں میں غذائی قلت کی ایک اہم پیشن گوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG