رسائی کے لنکس

’ایئر الجیریا‘: بلیک باکس کا تجزیہ فرانس کرے گا


فرانس کے مواصلات کے وزیر نے کہا ہے کہ طیارے کے ڈیٹا کا جائزہ لینے میں ’ہفتے‘ لگ سکتے ہیں

گذشتہ ہفتے مالی میں گر کر تباہ ہونے والی ’ایئر الجیریا‘ کی پرواز، جِس میں سوار تمام 118افراد ہلاک ہوگئے، اُس کا بلیک باکس پیر کے روز پیرس پہنچادیا گیا۔ چھان بین کے حوالے سے فرانس ایک سرکردہ کردار ادا کر رہا ہے۔

فرانس کے مواصلات کے وزیر نے کہا ہے کہ طیارے کے ڈیٹا کا جائزہ لینے میں ’ہفتے‘ لگ سکتے ہیں۔

پیر کے دِن پیرس میں قومی پرچم سر نگوں رہا، ایسے میں جب کہ ہلاک ہونے والوں سے یکجہتی کےطور پر ملک میں سہ روزہ سوگ کا آغاز ہوا، جِس پرواز میں 54 فرانسسی شہری شامل تھے۔

ایم ڈی 83 کے ساتھ آخری رابطہ اُس وقت ہوا جب پائلٹ نے برکینا فاسو سے الجیریا کے راستے پر جاتے پوئے، راستہ تبدیل کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔

ممکنہ طور پر دھول کا طوفان اُس کی تباہی کا سبب بنا، لیکن ابھی سرکاری طور پر طیارے کے گر کر تباہ ہونے کے اسباب کا تعین کیا جانا باقی ہے۔

ہلاک شدگان کی شناخت اورحادثے کے اسباب کے تعین کے لیے، فرانس نے 20 ماہرین اور پولیس اہل کاروں کو مالی بھیجا ہے، تاکہ حادثہ کا سبب معلوم کیا جا سکے۔

جون 2009ءمیں ریو ڈی جونیئرو سے پیرس آنے والی ایئر فرانس کی پرواز، اے 330 کو درپیش آنے والے حادثے کے بعد، یہ نیا واقع فرانس کے لیے بدترین المیے کا باعث ہے۔

پچھلے آٹھ دِنوں میں، عالمی سطح پر طیارے کو پیش آنے والا یہ تیسرا حادثہ تھا، جسے شہری ہوابازی کی تاریخ میں بدترین ہفتہ قرار دیا جا رہا ہے۔

سترہ جولائی کو مشرقی یوکرین میں ملائیشیا کامسافر طیارہ گر کر تباہ ہوا، جِس میں سوار تمام 298 افراد ہلاک ہوئے۔

پھر تائیوان کامسافر طیارہ گذشتہ ہفتے بدھ کے روز شدید بارشوں کے باعث گر کر تباہ ہوا، جِس میں 48 مسافر ہلاک ہوئے۔

XS
SM
MD
LG