رسائی کے لنکس

نواز شریف کی اشرف غنی سے ملاقات، امن عمل پر غور


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملاقات میں افغانستان میں امن و مصالحت کے عمل کی بحالی پر بھی بات چیت کی گئی اور وزیراعظم نواز شریف نے افغانوں کی زیر قیادت امن عمل میں تعاون کی پیشکش بھی کی۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان پیر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنما ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے پیرس میں ہیں۔

پاکستانی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے خاص طور پر افغانستان میں امن عمل سے متعلق اُمور پر تفصیلی بات چیت کی۔

وزیراعظم نواز شریف نے افغانستان سے دوستانہ تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان افغانستان سے برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے کے عزم پر قائم ہے۔

بیان کے مطابق صدر اشرف غنی نے بھی پاکستان کے ساتھ تعاون پر مبنی تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ’ضرب عضب‘ کے علاوہ اُن عناصر کے خلاف بھی کارروائی سے متعلق صدر اشرف غنی کو آگاہ کیا جو افغانستان میں تشدد میں ملوث رہے۔

ملاقات میں افغانستان میں امن و مصالحت کے عمل کی بحالی پر بھی بات چیت کی گئی اور وزیراعظم نواز شریف نے افغانوں کی زیر قیادت امن عمل میں تعاون کی پیشکش بھی کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی پاکستان کے پشتون رہنماؤں کے ایک وفد نے کابل کا دورہ کر کے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی تھی، جس میں اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ افغان صدر پاکستانی وزیراعظم سے پیرس میں ملیں گے۔

صدر اشرف غنی نے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے اور افغانستان میں جاری تشدد کا سیاسی حل تلاش کرنے پر زور دیا تھا۔ اس سلسلے میں کچھ پیش رفت بھی ہوئی تھی اور پاکستان کے سیاحتی علاقے مری میں افغان حکومت اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان ایک ملاقات ہوئی تھی۔

تاہم طالبان کے سربراہ ملا عمر کی موت کی خبر کی تصدیق ہونے کے بعد مذاکرات کا دوسرا دور منسوخ کر دیا گیا۔

دونوں ممالک کے تعلقات میں اس وقت کشیدگی پیدا ہونا شروع ہوئی جب افغانستان میں طالبان کے متعدد حملوں کے بعد صدر غنی نے ان کا الزام پاکستان میں چھپے دہشت گردوں پر عائد کیا تھا۔

پاکستان ایسے الزامات کی سختی سے تردید کرتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG