رسائی کے لنکس

صدر اوباما کی دادی نے عمرہ ادا کیا، روضہ رسول پر حاضری دی


فائل
فائل

یہ اُن کا پہلا عمرہ ہے۔ ان کے ہمراہ ان کے بیٹے اور صدر براک اوباما کے چچا، سعید اوباما اور پوتے موسیٰ اوباما بھی تھے

امریکی صدر براک اوباما کی دادی، سارہ عمر نے اپنے بیٹے اور پوتے کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ پہنچ کر روضہٴ رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) پر حاضری دی اور نوافل ادا کئے۔

یہ اُن کا پہلا عمرہ ہے۔ ان کے ہمراہ ان کے بیٹے اور صدر براک اوباما کے چچا سعید اوباما اور پوتے موسیٰ اوباما نے بھی عمرہ ادا کیا اور روضہٴ رسول کی زیارت کی۔

عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ مکہ مکرمہ میں قیام کے دوران، اُنھوں نے غلاف خانہ کعبہ تیار کرنے والی فیکٹری کا دورہ بھی کیا اور پیغمبر اسلام کے بارے میں ہونے والی ایک نمائش میں بھی شرکت کی، جس دوران اُنھیں غلاف کعبہ کا ایک ٹکرا بھی تحفے میں پیش کیا گیا۔

پیغمبر اسلام کے بارے میں ہونے والی نمائش میں سارہ عمر نے دو گھنٹے سے زائد گزارے اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ سعودی حکومت کے تعاون سے یہ نمائش ان کے ملک سمیت دیگر ممالک میں بھی منعقد کی جائے گی۔

سارہ عمر کا کہنا تھا کہ ’اسلام کی جدید انداز سے تشہر وقت کی ضرورت ہے‘۔

بقول اُن کے، ’اس طرح کی نمائش سے پتہ چلتا ہے کہ اسلام انتہاء پسندی کا درس نہیں دیتا اور تشدد کو مسترد کرتا ہے؛ اور، یہ نمائش اسلام کی اعتدال پسند تعلیمات کی عکاسی کرتی ہے‘۔

سارہ عمر کو مکہ میں توسیع حرمین شریفین کے منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جس کی انھوں نے تعریف کی۔

سارہ عمر جب مدینہ پہنچیں تو امام حرم اور حرم کی انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا۔ انھوں نے روضہ رسول پر حاضری دی اور نوافل ادا کئے۔ سارہ عمر 26 اپریل تک مدینہ میں رہیں گی اور مسجد نبوی میں پانچوں وقت کی نمازوں کے علاوہ نوافل بھی ادا کریں گی۔

XS
SM
MD
LG