رسائی کے لنکس

بھارت دو مسافر ریل گاڑیوں میں تصادم 12 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی ریلوے کے جنرل مینجر مدھوریش کمار کے مطابق یہ حادثہ بارونی ایکسپریس اور گورکھپور کے اسٹیشن پر کھڑی کریشاک ایکسپریس کے درمیان تصادم کی وجہ سے پیش آیا۔ جس کے نتیجے میں بارونی ایکسپریس کے کئی ڈبے پٹڑی سے اتر گئے۔

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں دو مسافر ریل گاڑیوں کے درمیان تصادم میں 12 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

یہ حادثہ گورکھپور ریلوےاسٹیشن کے قریب منگل کو رات گئے پیش آیا۔

بھارتی ریلوے کے جنرل مینجر مدھوریش کمار کے مطابق یہ حادثہ بارونی ایکسپریس اور گورکھپور کے اسٹیشن پر کھڑی کریشاک ایکسپریس کے درمیان تصادم کی وجہ سے پیش آیا جس کے نتیجے میں بارونی ایکسپریس کے کئی ڈبے پٹڑی سے اتر گئے۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے 12 مسافروں کی لاشوں کو ڈبوں سے نکال لیا گیا ہے جبکہ اس حادثہ میں زخمی ہونے والے 44 افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتا ل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

کریشاک ریل گاڑی کا ڈارئیور بھی اس حادثہ میں زخمی ہوا لیکن یہ ابھی واضح نہیں کہ آیا اس ریل گاڑی کا کوئی اور مسافر بھی زخمی ہوا ہے۔

حکام کے مطابق اس حادثہ کی وجہ سے کئی ریل گاڑیوں کو متبادل راستوں پر منتقل کرنے کی وجہ سے ریل گاڑیوں کی معمول کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔

بھارتی ریلوے کے ترجمان آلوک کمار کے کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ کریشاک ایکسپریس کے ڈرائیور اور معاون ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے ہوا۔ ترجمان نے مزید بتایا کی ان دونوں کو نوکری سے معطل کر دیا گیا ہے۔

آلوک کمار کے مطابق حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

بھارت کا ریلوے نظام دنیا کے بڑے ریلوے سسٹمز میں شمار ہوتا ہے جس پر روزانہ تقریباً دو کروڑ تیس لاکھ افراد سفر کرتے ہیں۔

ملک میں ریل کے حادثات ایک معمول ہیں جس کی وجہ انسانی غلطی اور ٹرینوں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونا بتائی جاتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG