رسائی کے لنکس

غزہ: اسکول کے بعد بازار پر بمباری، مزید 17 افراد ہلاک


صرف بدھ کو غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں 99 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد آٹھ جولائی سے جاری اسرائیلی بمباری میں مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 1326 ہوگئی ہے۔

اسرائیل کے جنگی طیاروں نے فلسطین کے علاقے غزہ کے ایک بازار پر بمباری کی ہے جس میں کم از کم 17 فلسطینی ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

فلسطینی حکام کے مطابق فضائی حملہ شجائیہ کے علاقے میں ایک سبزی منڈی پر کیا گیا جس کے بعد اسرائیلی توپ خانے نے علاقے پر شدید بمباری بھی کی۔

'حماس' کے ٹی وی چینل 'الاقصیٰ' نے حملے کے بعد جائے واقعہ کی ایک ویڈیو فوٹیج نشر کی ہے جس میں خون میں لت پت لاشیں دکھائی گئی ہیں جب کہ مقامی افراد زخمیوں کو اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔

بدھ کی شام کیے جانے والے حملے کے بعد علاقے سے دھویں کے گہرے سیاہ بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ غزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ بازار پر حملے کے وقت وہاں خریداروں کا ہجوم تھا۔

حملے کے کم از کم 160 زخمیوں کے غزہ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں پہلے ہی زخمیوں کے رش اور ادویات کی کمی کے باعث صورتِ حال خاصی خراب ہے۔

غزہ میں 'حماس' کے ترجمان فوزی براہوم نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کو شجائیہ کے بازار پر حملے کا جواب "زلزلے کی مانند " دیا جائے گا۔

غزہ کے بازار پر حملہ اسرائیل کی جانب سے اعلان کردہ چار گھنٹوں کی جنگ بندی کے دوران کیا گیا جو بدھ کو سہ پہر تین بجے سے موثر ہوئی تھی۔

اسرائیلی حکومت نے کہا تھا کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عارضی جنگ بندی کر رہی ہے جو حکام کے بقول غزہ کی ساحلی پٹی کے گنجان آباد علاقوں تک ہی محدود رہے گی۔

اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ جنگ بندی سے غزہ کے وہ علاقے مستثنیٰ ہوں گے جہاں اس کے فوجی زمینی کارروائی میں مصروف ہیں۔

لیکن 'حماس' نے چارگھنٹوں کی عارضی جنگ بندی کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیل پر راکٹ حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

'حماس' کے ترجمان نے کہا تھا کہ ان کی تنظیم اسرائیل کے بجائے اپنی شرائط پر جنگ کرے گی اور اسے عارضی جنگ بندی کے "غیر مفید" اقدامات قبول نہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق فلسطینی مزاحمت کاروں نے بدھ کو بھی غزہ سے اسرائیل پر 50 سے زائد راکٹ فائر کیے جن سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

فوج کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق غزہ میں فلسطینی جنگجووں کی ایک سرنگ کو تباہ کرنے کی کوشش کے دوران وہاں نصب بم پھٹنے سے تین اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔

تازہ ہلاکتوں کے بعد غزہ میں جاری لڑائی اور 'حماس' کی جوابی کارروائیوں میں مرنے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 56 ہوگئی ہے۔

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق صرف بدھ کو غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں 99 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد آٹھ جولائی سے جاری اسرائیلی بمباری میں مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 1326 ہوگئی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے اسکول پر حملہ

اس سے قبل بدھ کو علی الصباح اسرائیل نے شمالی غزہ میں اقوامِ متحدہ کے ایک اسکول پر بم برسائے تھے جن میں وہاں پناہ گزین کم از کم 15 فلسطینی ہلاک ہوگئے تھے۔

اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارے 'یو این آر ڈبلیو اے' کا کہنا ہے کہ جبالیہ کے پناہ گزین کیمپ میں قائم اس اسکول میں تین 3300 سے زائد فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔

غزہ کی وزارتِ صحت نے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 جب کہ اقوامِ متحدہ نے 16 بیان کی ہے۔ حملے میں 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

یہ اسکول غزہ میں اقوامِ متحدہ کے زیرِ انتظام ان 85 تنصیبات میں سے ایک تھا جہاں عالمی ادارے کے مطابق اسرائیلی حملوں سے بچنے کے لیے غزہ کے دو لاکھ 40 ہزار سے زائد باشندے اپنا گھر بار چھوڑ کر پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور امریکہ نے عالمی ادارے کے اسکول پر اسرائیلی بمباری کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

XS
SM
MD
LG