رسائی کے لنکس

سراج الحق سینئر وزیر کی حیثیت سے مستعفی


سراج الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارٹی کی قیادت سنبھالتے وقت وزارت خزانہ سے اس لئے استعفیٰ نہیں دیا تھا کہ عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ان سے اپنی خدمات جاری رکھنے کی درخواست کی تھی

پاکستان کی دینی و سیاسی پارٹی ’جماعت اسلامی‘ کے امیر سراج الحق خیبر پختونخواہ کے سینئر صوبائی وزیر کی حیثیت سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی پارٹی کو زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔

بدھ کو مقامی میڈیا کو دیے گئے ایک بیان میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارٹی کی قیادت سنبھالتے وقت وزارت خزانہ سے اس لئے استعفیٰ نہیں دیا تھا کہ عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ان سے اپنی خدمات جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔

سراج الحق نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ وہ معاشی اصلاحات جاری رکھے جانے کے حق میں ہیں۔

ان کے مطابق، ان کی وزارت کے دنوں میں مالی خسارہ 134 ارب روپے تھا جس میں انہوں نے 4 ارب روپے کی کمی کرتے ہوئے اسے 128ارب روپے تک پہنچادیا تھا۔

توقع کی جارہی ہے کہ سراج الحق کی جگہ کابینہ میں صوبائی وزیر عنایت اللہ کو سینئر وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا موقع ملے گا۔

سراج الحق رواں سال 30مارچ کو سابق امیر منور حسن کی جگہ جماعت اسلامی کے نئے امیر منتخب ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG