رسائی کے لنکس

کراچی میں خواتین کا انتخابی جلسہ


سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی کی قسمت کا فیصلہ اب لندن میں نہیں بلکہ شہر کی گلیوں میں ہی ہوا کرے گا جس کا فیصلہ 23 اپریل کو عوام دیں گے

جماعت اسلامی نے خواتین کو یقین دلایا ہے کہ اگر اسے اقتدار ملا تو خواتین کی ملازمت کے اوقات میں کمی کردی جائے گی۔ اس بات کا اعلان جمعہ کو جماعت اسلامی کی خواتین ونگ کے جلسے سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کیا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’اگر کراچی کی خواتین تبدیلی چاہتی ہیں تو جماعت اسلامی کو ووٹ دیں‘۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہم خواتین کو تعلیم یافتہ اور خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں۔‘

جلسہ جمعہ کو قومی اسمبلی کے حلقے 246کی حدود میں واقع عائشہ منزل پر ہوا۔ سراج الحق کے علاوہ جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار اور نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم، امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہٰدی صدیقی اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے بھی خطاب کیا۔

جلسے سے خطاب کے دوران، سراج الحق نے متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی قسمت کا فیصلہ اب لندن میں نہیں، بلکہ شہر کی گلیوں میں ہی ہوا کرے گا، جس کا فیصلہ 23 اپریل کو عوام دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’آج کے جلسے نے خوف اور دہشت گردی کے بت کو پاش پاش کر دیا ہے، کراچی سے غنڈہ گردی اور فساد کی سیاست ختم ہونے والی ہے، اب شہر میں شرافت اور خدمت کی سیاست ہونی چاہئے‘۔

جلسے میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ سینکڑوں بچے بھی شرکت کی غرض سے عائشہ منزل پہنچے تھے۔ اسکول و کالج کی طالبات نے بھی جلسے میں شرکت کی۔ اس موقع پر ملی نغمے اور پارٹی ترانے بھی بجائے گئے۔

XS
SM
MD
LG