رسائی کے لنکس

سرگرم کارکن کا قتل، کیری کی شیخ حسینہ سے ٹیلی فون گفتگو


بتایا جاتا ہے کہ حسینہ نے کیری کو بتایا کہ منگل کے قتل کے اِس واقعے کے بارے میں اکٹھے ہونے والے ثبوت کی بنیاد پر گرفتاریاں جلد عمل میں لائی جائیں گی

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بنگلہ دیش پر زور دیا ہے کہ ہم جنس پرستوں کے حقوق کے سرگرم کارکن کے قتل کے ذمہ داروں کا پتا لگا کر اُنھیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ قتل ہونے والے ایک کارکن کا تعلق امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) سے تھا۔

کیری نے جمعرات کو شام گئے وزیر اعظم شیخ حسینہ سے اِس ہفتے ’یوایس ایڈ‘ کے کارکن، ذولحج منان اور اُن کے دوست، تانے مجمدار، جو ایک اداکار تھے، کی ہلاکت کے بارے میں گفتگو کی۔

القاعدہ کی بنگلہ دیش شاخ نے قتل کی واردات کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنھیں اس لیے قتل کیا گیا کیونکہ وہ ’’ہم جنس پرستی کے نہ صرف سرپرست تھے، بلکہ اس پر عمل پیرا تھے‘‘۔

وزیر اعظم کے پریس سکریٹری، احسان الکریم نے بتایا ہےکہ شیخ حسینہ نے کیری کو یقین دلایا کہ اِس معاملے پر اُن کی حکومت مکمل تعاون کرے گی، جو بنگلہ دیش میں غیر مسلم سرگرم کارکنوں اور مصنفین کے خلاف پُرتشدد حملوں کے سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے۔

کریم کے الفاظ میں، ’’دہشت گردی کے بارے میں ہمارا مؤقف دو ٹوک ہے۔ ہم اسے ناقابل برداشت معاملہ سمجھتے ہیں اور ہماری پالیسی (شدت پسندی کے خلاف) واضح ہے۔ قانون کا نفاذ کرنے والے ادارے اس معاملے پر تندہی سے کام کر رہے ہیں‘‘۔

منان بنگلہ دیش میں ہم جنس پرستوں کے پہلے رسالے کے ایڈیٹر تھے۔ اُنھیں اور اُن کے دوست کو دارالحکومت ڈھاکہ میں کلہاڑی کے وار کرکے ہلاک کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حسینہ نے کیری کو بتایا کہ منگل کے قتل کے اِس واقعے کے بارے میں اکٹھے ہونے والے ثبوت کی بنیاد پر گرفتاریاں جلد عمل میں لائی جائیں گی۔
بتایا گیا ہے کہ کیری نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے معاملے پر دونوں ملکوں کے مابین تعاون کی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے، جلد ایک اعلیٰ امریکی سفارت کار بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے۔

XS
SM
MD
LG