رسائی کے لنکس

کرد ملیشیا کا عراقی قصبے پر قبضہ، دولتِ اسلامیہ پسپا


عراق ک شہر زمر کے نزدیک کرد فوج 'پیش مرگہ' کے اہلکار (فائل)
عراق ک شہر زمر کے نزدیک کرد فوج 'پیش مرگہ' کے اہلکار (فائل)

کرد فوج 'پیش مرگا' کے دستوں نے عراق کے صوبے موصل کے قصبے زمر اور اس کے نواحی دیہات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

عراق کی کرد ملیشیا نے دولتِ اسلامیہ کے جنگجووں کو شکست دے کر شمالی عراق کے ایک قصبے پر دوبارہ اپنا کنٹرول قاِئم کرلیا ہے۔

ایک کرد انٹیلی جنس افسر نے مغربی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ امریکہ اور اتحادیوں کی جانب سے دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر حملوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کرد فوج 'پیش مرگا' کے دستوں نے عراق کے صوبے موصل کے قصبے زمر اور اس کے نواحی دیہات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

دوسری جانب عراق کے وسطی علاقے میں عراقی فوج نے دولتِ اسلامیہ کے جنگجووں کو سخت لڑائی کےبعد جرف السخار نامی قصبے سے پسپا کردیا ہے۔

کرد اور عراقی فوج عراق کے شمال اور مغرب میں ان قصبوں اور دیہات کا کنٹرول دوبارہ سنبھالنے کے لیے دولتِ اسلامیہ کے خلاف برسرِ پیکار ہیں جن پر شدت پسند تنظیم کے جنگجووں نے لگ بھگ دو ماہ قبل قبضہ کرلیا تھا۔

عراقی اور کرد فورس کو شدت پسندوں کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کی فضائی مدد بھی حاصل ہے جو گزشتہ کئی ہفتوں سے عراق اور شام میں دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں، جنگجووں اور تنصیبات کو فضائی حملے کو نشانہ بنارہے ہیں۔

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ جمعے اور ہفتے کو امریکی اور اتحادی طیاروں نے عراق میں دولتِ اسلامیہ کے جنگجووں پر 22 حملے کیے ہیں۔

بیان کے مطابق یہ حملے موصل ڈیم، فلوجہ شہر اور عراق کے شمالی شہر بائیجی میں کیے گئے جہاں عراق کی ایک بڑی آئل ریفائنری بھی موجود ہے۔

مذکورہ تمام علاقے اور ان کے نواحی دیہات شدت پسندوں کے قبضے میں ہیں جن کا قبضہ چھڑانے میں عراقی اور کرد فوج کودولتِ اسلامیہ کی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دریں اثنا امریکی حکام نے کہا ہے کہ امریکی فوجی طیاروں نے ترکی کی سرحد سے متصل شام کے قصبے کوبانی میں کیے جانے والے فضائی حملے کے دوران دولتِ اسلامیہ کا ایک توپ خانہ تباہ کردیا ہے۔

کوبانی کے گرد دولتِ اسلامیہ کے جنگجووں کے محاصرے اور قصبے کے دفاع پر مامور کرد جنگجووں کے درمیان لڑائی کو دو مہینے ہونے کو آرہے ہیں تاہم کردوں کی زمینی اور اتحادی افواج کی فوجی کارروائیوں کے باوجود شدت پسندوں کو پسپا نہیں کیا جاسکا ہے۔

XS
SM
MD
LG