رسائی کے لنکس

لیبیا: جھڑپوں میں 36 ہلاک، طرابلس میں آتشزدگی


نیشنل آئل کارپوریشن (این او سی) کے مطابق اتوار کو راکٹ لگنے سے طرابلس کو تیل فراہم کرنے والے ٹینکوں میں آگ لگ گئی۔

لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی میں سرکاری فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے۔

حکومت کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے جاری لڑائی میں 150 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر ہلاکتیں دارالحکومت طرابلس اور بن غازی میں ہوئیں۔

اس صورت حال کے تناظر میں امریکہ اور دیگر ممالک نے اپنا سفارتی عملہ ملک سے نکال لیا ہے۔

دارالحکومت طرابلس کے ائیر پورٹ پر قبضے کے لیے ہونے والی جھڑپوں کے تناظر میں تیل ذخیرہ کرنے والے کئی ٹینکوں میں آگ لگنے کے بعد پیر کو لیبیا کی حکومت نے ''بین الاقوامی'' مدد کے لیے اپیل کی ہے۔

نیشنل آئل کارپوریشن (این او سی) کے مطابق اتوار کو راکٹ لگنے سے طرابلس کو تیل فراہم کرنے والے ٹینکوں میں آگ لگ گئی۔

کارپوریشن کے ترجمان محمد الحراری نے بتایا کہ ''اس ٹینک میں ساٹھ لاکھ لیٹر تیل ہے اور اس کے قریب ہی دیگر ٹینکوں میں بھی ڈیزل اور گیس موجود ہے''۔

اُنھوں نے بتایا کہ آگ بجھانے والا عملہ آتشزدگی پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف ہے لیکن وہ ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے ''بڑی تباہی ہو سکتی ہے۔''

عبوری حکومت کی ویب سائیٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان کے مطابق اس آتشزدگی سے''انسانی اور ماحولیاتی بحران'' کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

لیبیا کے ٹیلی ویژن چینلز پر لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہوائی اڈے کے اردگرد کے علاقے سے نکل جائیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں طرابلس میں دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔

XS
SM
MD
LG