رسائی کے لنکس

نیویارک: تقریب میں فائرنگ سے 13 افراد زخمی


فائل
فائل

پولیس نے تاحال فائرنگ کے محرکات، ملوث ملزمان کی تعداد اور ان کی شناخت کے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

امریکہ کے شہر نیویارک میں ایک گھر کے احاطے میں ہونے والی تقریب کے شرکا پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

نیویارک کے محکمۂ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب نیویارک کے علاقے بروکلین میں پیش آیا۔

حکام کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے گھر کے احاطے میں ایک تقریب جاری تھی جس کے دوران حملہ آوروں نے شرکا پر فائرنگ کردی۔

پولیس نے تاحال فائرنگ کے محرکات، ملوث ملزمان کی تعداد اور شناخت کے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سے نو کو گولیاں لگی ہیں جب کہ دیگر چار بھگدر کے نتیجے میں گر کر زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دو زخمیوں کو گردن میں جب کہ دیگر کو ٹانگوں اور بازووں میں گولیاں لگی ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا تھا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں مرد اور عورتیں دونوں شامل ہیں جن کی عمریں 19 سے 38 سال کے درمیان ہیں۔

تقریب پر فائرنگ سے لگ بھگ آدھا گھنٹہ قبل نامعلوم مسلح ملزمان نے نیویاک کے علاقے بولٹن ایونیو کے ایک میدان میں موجود نوجوانوں پر بھی فائرنگ کی تھی جس میں ایک 20 سالہ نوجوان ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس نے اس حملے کے محرکات کے بارے میں بھی کوئی بیان نہیں دیا ہے اور نہ ہی اس ضمن کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا دونوں واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے۔

XS
SM
MD
LG