رسائی کے لنکس

کیپٹل ہل کے سامنے، نماز جمعہ کا بڑا اجتماع


یہاں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے پہلی بار خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ ’نیشن آف اسلام‘ نامی معروف مسلم تنظیم کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے نماز جمعہ کے اس اجتماع میں دیگر تنظمیوں نے بھی بھرپور شرکت کی

واشنگٹن میں ایوانِ نمائندگان کی عمارت کے سامنے پہلی بار نماز جمعہ کا ایک بڑا اجتماع ہوا۔

اس موقعے پر امریکی مسلمان برادری نے معاشرے کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا۔

کیپٹل ہل کے سامنے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ ’نیشن آف اسلام‘ نامی معروف مسلم تنظیم کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے نماز جمعہ کے اس اجتماع میں دیگر تنظمیوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔

نیویارک پولیس میں شامل مسلمان افسران کا ایک نمائندہ وفد بھی کپٹن عدیل رانا کی قیادت میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے واشنگٹن پہنچا تھا، جس نے مسلم کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

مذہبی رہنما، امام مالک نے اس موقع پر حاضرین سے خطاب کیا اور انھیں اسلام کے بارے میں منفی پروپگنڈے سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلمان امریکی معاشرے کا حصہ ہیں اور انھیں تنہا کرکے معاشرے کو تقسیم کرنے کی ہر کوشش ناکام بنادی جائے گی۔

انھوں نے حاضرین کو تلقین کی کہ نفرت کا جواب محبت سے دیں اور لوگوں کے دل جیتیں۔

نیویارک مسلم پولیس افسران کی نمائندہ ایسوسی ایشن کے صدر کیپٹن عدیل رانا نے اس موقع پر ’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی آئین کے مطابق، مسلمان سمیت، یہاں ہر کمیونٹی کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’جو لوگ نفرت کا اظہار کرتے ہیں وہ امریکی عوام کی ہرگز نمائندگی نہیں کرتے؛ بلکل اسی طرح، جیسے مسلمان انتہا پسند مسلمانوں کی نمائندگی نہیں کرتے۔ در حقیقت، ان عناصر کو تعلیم کی ضرورت ہے‘۔

واضح رہے کہ جمعہ کو امریکہ کے 20 سے زائد شہروں کی مساجد کے باہر ایک سفید فام گروپ نے مسلمانوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تاہم، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کے باعث، کسی بھی جگہ سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔

XS
SM
MD
LG