رسائی کے لنکس

جان کیری کا نواز شریف کو فون، لکھوی کی رہائی پر اظہارِ تشویش


محکمہ خارجہ کی ترجمان نے بتایا ہے کہ اس ٹیلی فون بات چیت میں، ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمٰن لکھوی کی رہائی اور یمن میں جنگ کی صورتحال پر تبادلہٴخیال کیا گیا

محکمہٴخارجہ نے بتایا ہے کہ حالیہ دنوں کے دوران امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور پاکستانی وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس دوران ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمٰن لکھوی کی رہائی اور یمن میں جنگ کی صورتحال پر تبادلہٴخیال کیا گیا۔

محکمے کی نائب ترجمان، میری ہارف نے جمعرات کو روزانہ کی بریفنگ میں بتایا کہ 14 اپریل کو دونوں رہنماوں کے درمیان ہونے والی اس بات چیت میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ذکی الرحمٰن لکھوی کی رہائی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس قسم کے نامور دہشت گردوں کو جیل کی دیواروں کے پیچھے ہونا چاہے تھا، جو ممبی حملے میں ملوث بتائے جاتے ہیں، جس میں چھ امریکی شہریوں سمیت ایک سو چھیاسٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ متاثرہ خاندان کو انصاف ملنا ان کا حق ہے‘۔

ترجمان کے مطابق، وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اس موقع پر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کے لئے جو کچھ بن پڑا کیا جائے گا اور مقدمے کو مزید آگے بڑھانے کے لئے، تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ترجمان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے یمن کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ مذاکرات کے ذریعے معاملے کا سیاسی حل نکالا جائے۔

ترجمان نے پاکستانی فوج یمن بھیجنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہا کہ یہ پاکستان کی صوابدید ہے کہ وہ یمن میں اپنی فوج بھیجتا ہے یا نہیں، امریکہ اتحادیوں کی حمایت کرتا ہے اور مسئلے کا سیاسی حل چاہتا ہے۔

ترجمان نے ایک سوال پر کراچی میں ایک امریکی شہری کے حملے میں زٕخمی ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ کراچی میں امریکی قونصل خانہ مقامی انتظامیہ سے اس مسئلے پر رابطے میں ہے اور معلومات حاصل کی جارہی ہے اور مقامی پولیس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG