رسائی کے لنکس

نیپال: لاپتا امریکی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا


امدادی کاموں میں مصروف ٹیموں کا کہنا ہے کہ اُنھیں ملبے کے قریب سے تین لاشیں ملی ہیں، لیکن نیپال کے سیکرٹری دفاع نے اُن کی شہریت سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔

نیپال کی فوج نے کہا ہے کہ اسے گزشتہ ہفتے لاپتا ہونے والے امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔

امدادی کاموں میں مصروف ٹیموں کا کہنا ہے کہ اُنھیں ملبے کے قریب سے تین لاشیں ملی ہیں، لیکن نیپال کے سیکرٹری دفاع نے اُن کی شہریت سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔

ہیلی کاپٹر میں چھ امریکی میرین جب کہ دو نیپالی فوجی سوار تھے۔

امریکی میرین نے کہا ہے کہ وہ اپنی ٹیمیں اُس جگہ پر بھیج رہے ہیں جہاں سے ملبہ ملا تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ کیا یہ ملبہ لاپتا ہونے والے ہیلی کاپٹر یو ایچ-1 ’’ہیوئی‘‘ کا ہی ہے۔

نیپالی فوج کے میجر جنرل بینوج بسنت کا جمعہ کو کہنا تھا کہ ملبے کی نشاندہی چین کی سرحد کے قریب ایک ڈولکھا کے علاقے میں ہوئی ہے۔

جس کے بعد اُنھوں نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ "ہم نے فضا سے ملبہ دیکھا ہے۔‘‘

ان کے بقول بظاہر اس واقعے میں کسی کے زندہ بچنے کی اُمید نہیں ہے لیکن فی الوقت اس بارے میں کچھ بھی وثوق سے نہیں کہا جا سکتا۔

گزشتہ منگل کو یہ ہیلی کاپٹر نیپال کے زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف تھا کہ اچانک لاپتا ہو گیا۔

میرین کور کے لاپتا ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے بڑی تعداد میں نیپالی فوجی اور امریکی ہیلی کاپٹر سرگرم رہے۔

نیپال میں 25 اپریل کو آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد امریکہ نے فوری طور پر اپنا امدادی مشن اس علاقے میں بھیجا تھا، نیپال میں زلزلے سے 8,200 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

جب رواں ہفتے اس ملک میں آنے والے 7.3 شدت کے زلزلے میں 117 افراد ہلاک اور 2800 زخمی ہو گئے۔

XS
SM
MD
LG