رسائی کے لنکس

ایک ایس ایم ایس پر نئے نوٹوں کی گڈیاں


اب اسٹیٹ بینک کو محض ایک ایس ایم ایس کیجئے اور من چاہی برانچ میں اپنے نام سے نئے نوٹوں کی گڈیاں منگوائیے۔۔ہے نا شاندار سروس۔۔۔!

اب سے کچھ ہی سال پہلے کی بات ہے، عید کے دن قریب آتے ہی بازاروں اور بینکوں سے نئے نوٹ غائب ہوجاتے تھے۔ ان نوٹوں کے حصول کے لئے رشتے دار یا دوست بینکرز سے رابطہ کیا جاتا تھا یا بولٹن مارکیٹ پر شوکیس میں رکھ کر نئے نوٹ بیچنے والوں کے چکر لگانا پڑتے تھے۔ نوٹوں کی گڈیاں ’بلیک‘ میں بھی خریدی اور بیچی جاتی تھیں۔ مگر اب وہ زمانہ گیا۔۔۔

اب اسٹیٹ بینک کو محض ایک ایس ایم ایس کیجئے اور من چاہی برانچ میں اپنے نام سے نئے نوٹوں کی گڈیاں منگوائیے ۔۔ہے نا شاندار سروس۔۔۔!

سونے پر سہاگہ یہ کہ اس سروس کا انتظار بھی نہیں کرنا پڑے گا، کیوں کہ رواں سال، رواں مہینے اور رواں ہفتے سے ہی یہ سروس شروع ہونے والی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی میڈیا کو جاری کردہ معلومات کے مطابق 8جولائی سے اس سروس کا آغاز ہونے والا ہے۔

اس سروس سے فائدہ اٹھانے کے لئے’ڈبل ایٹ، ڈبل سیون‘ یعنی 8877پر اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر اور متعلقہ بینک کے برانچ کوڈ کے ساتھ ایک پیغام بھیجے اور اس سروس سے فائدہ اٹھایئے۔

آپ کا پیغام موصول ہونے کے ساتھ ہی آپ کو اس کا جواب میں مل جائے گا جس میں ٹرانزیکشن کوڈ اور اس بینک کا پتہ موصول ہوجائے گا جس کے ذریعے اسٹیٹ بینک آپ کو نئے نوٹوں کی گڈیاں فراہم کرے گا۔ ٹرانزیکشن کوڈ صرف دو دنوں تک کارآمد ہوگا۔۔اس لئے جیسے ہی پیغام ملے فوراً اس برانچ سے رابطہ کیجئے۔

اسٹیٹ بینک آپ کو دس، بیس، اور پچاس کے نوٹوں کی گڈیاں فراہم کرے گا، جبکہ 100والے نوٹوں کی گڈیاں اسٹاک میں موجودگی سے مشروط ہوں گی۔

ایک فرد صرف ایک ہی مرتبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکے گا جبکہ اس سروس کے چارجز بھی ٹیکس کے ساتھ ادا کرنا ہوں گے، کیوں کہ یہ سروس مفت نہیں ہے۔

آزمائشی طور پر یہ سروس ملک کے 28شہروں میں شروع کی جا رہی ہے، جبکہ جن شاخوں سے یہ نوٹ حاصل کئے جاسکتے ہیں ان کی مکمل فہرست اور متذکرہ سروس سے متعلق مکمل تفصیلات اسٹیٹ بینک کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں۔

XS
SM
MD
LG