رسائی کے لنکس

بالی وڈ میں 'پاکستانی خان‘ کی دھوم


علی ظفر اور فواد خان میں بہت سی باتیں ’کامن‘ ہیں۔۔ فواد کی فلم ’خوبصورت‘ ریلیز ہونے والی ہے اور علی کی فلم ’کل دل‘ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہی ہے۔ دونوں نے اپنا شوبز کیرئیر بطور سنگر شروع کیا اور بعد میں ایکٹنگ کو اپنایا۔ ’خدا کے لئے‘ میں جو رول فواد نے کیا وہ پہلے علی کو آفر کیا گیا تھا

بالی وڈ میں ان دنوں جس نئے ’خان‘ کی دھوم ہے وہ باقی ’خانوں‘ سے مختلف اس لئے ہے کہ اس خان کا تعلق پاکستان سے ہے لیکن ان کی’فین فالووٴنگ‘ کا گراف بھارت میں بھی آسمان کو چھورہا ہے۔۔جی جناب۔۔ہم بات کررہے ہیں فواد خان کی۔۔

ہینڈسم اور ڈیشنگ فواد خان نے اپنی پرسنلٹی اور پُراثر اداکاری سے پاکستانی آڈئینس خصوصاً خواتین کو متاثرکیا اور جب ان کا ڈرامہ ’زندگی گلزار ہے‘ بھارتی ٹی وی اسکرین کی زینت بنا تو وہاں بھی فواد اسٹار بن کر چھاتے چلے گئے۔

بھارتی اخبار ’ہندوستا ن ٹائمز فواد خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھتا ہے ’اپنی پہلی فلم ’خوبصورت‘ کی ریلیز سے پہلے ہی فوادخان کے بھارتی فینز انہیں سلور اسکرین پر دیکھنے کے لئے بے تاب نظر آرہے ہیں۔‘

فواد خان اس کے جواب میں کہتے ہیں’اتنی محبت، گرمجوشی اور شاندار پذیرائی کے لئے اپنے فینز اور بالی وڈ کا شکر گزار ہوں۔‘

فواد کو لگتا ہے کہ فنکار کو جہاں اچھا کام کرنے کو ملے، وہاں اپنی صلاحیتوں کے جوہر ضرور دکھانا چاہئیں۔

فوادخان نے یہ انکشاف بھی کیا کہ بالی وڈ میں ان کی اینٹری باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نہیں تھی۔ وہ کہتے ہیں ’شروع شروع میں تو بہت نروس تھا کیوں کہ بالی وڈ ایک مختلف انٹرینمنٹ انڈسٹری ہے جس میں کام کس طرح ہوتا ہے، مجھے اس کا بالکل اندازہ نہیں تھا۔۔‘

جب فواد سے یہ پوچھا گیا کہ ’خوبصورت‘ تو فیمیل کیریکٹر کے گرد گھومتی کہانی ہے، اس سے ان کے فنکارانہ جوہر پر کتنا فرق پڑے گا تو فواد نے جواب دیا ’میں پہلے بھی ایسے ڈراموں کرچکا ہوں جس میں خواتین کا کردار لیڈنگ اور بہت پاورفل تھا مثلاً ’زندگی گلزارہے‘ اور’ہمسفر‘۔۔۔اس لئے ’خوبصورت‘ میں کام کرکے کوئی دشواری نہیں ہوئی، بلکہ بالی وڈمیں شروعات کے لئے یہ بہت بہتر ہے۔۔‘

فواد ۔۔علی ظفر کے مداح
ایک طرف تو بھارت میں فواد خان کے چرچے ہیں تو دوسری جانب فوادخان ایکٹر اور سنگر علی ظفر کی تعریف کرتے نہیں تھکتے۔’انسا ئیکلومیڈیا‘ کی سحراقبال نے فوادخان کے حوالے سے وی او اے کو بتایا کہ وہ علی ظفر کے کام اوربالی وڈ میں ان کی کامیابی کو بہت سراہتے ہیں۔

اب جبکہ فوادخان کی بالی وڈ میں اینٹری بھی خاصی زوردار طریقے سے ہوئی ہے تو لوگ اکثر فواد کا موازنہ علی ظفرسے کرتے ہیں، اس بارے میں فوادخان کا کہنا ہے: ’علی نے محنت اور کام سے اپنی جگہ بنائی ہے، چاہے پاکستان ہویا بالی وڈ۔۔ میرا علی سے موازنہ کرنا درست نہیں۔ میں تو علی ظفر کا، ان کی بالی وڈ میں آمد سے پہلے ہی فین تھا۔۔ان کا اپنا اسٹائل اور مخصوص انداز ہے اور میرا اپنا۔ ہمارا کوئی مقابلہ نہیں۔ علی بالی وڈ میں اپنا مقام بناچکے ہیں جبکہ میرا سفر ابھی شروع ہوا ہے۔‘

علی ظفر اور فواد: دو فنکاروں کی بہت سی ’کامن‘ باتیں
علی ظفر اور فواد خان میں بہت سی باتیں ’کامن‘ ہیں۔۔ فواد خان کی فلم ’خوبصورت‘ ریلیز ہونے والی ہے اورعلی ظفرکی فلم ’کل دل‘ بھی تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہی ہے، جبکہ علی پاکستان میں اپنی پہلی ہوم پروڈکشن میں بھی مصروف ہیں۔

دونوں نے اپنا شوبز کیرئیر بطور سنگر شروع کیا اور بعد میں ایکٹنگ کو اپنایا۔ سپرہٹ فلم ’خدا کے لئے‘ میں جو رول فواد خان نے کیا وہ پہلے علی ظفر کو آفر کیا گیا تھا۔

میگا ہٹس
علی ظفر کی فلمیں ’تیرے بن لادن‘ اور ’میرے برادر کی دلہن‘ بالی وڈ کی میگا ہٹس میں شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG