رسائی کے لنکس

شمالی کوریا: امریکی شہری کو چھ سال قید کی سزا


امریکی شہری کے مقدمےکی سماعت 90 منٹ تک جاری رہی جس کے بعد عدالت نے کہا کہ ملر نے اپنے "خطرناک عزائم" کا اعتراف کر لیا ہے۔"

شمالی کوریا میں قید ایک امریکی شہری میتھیوٹاڈ ملر کو بطور سیاح " ملک کے خلاف سرگرمیوں" میں ملوث ہونے کے الزام میں چھ سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔

اتوار کو شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا پر جاری ایک بیان کے مطابق 25 سالہ ملر نے اس سال اپریل میں شمالی کوریا میں داخل ہونے کے بعد مبینہ طور پر اپنا سیاحتی ویزا پھاڑ دیا اور پیانگ ینگ سے سیاسی پناہ کی درخواست کی تھی۔

امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کے مطابق امریکی شہری کے مقدمےکی سماعت 90 منٹ تک جاری رہی جس کے بعد عدالت نے کہا کہ ملر نے اپنے "خطرناک عزائم" کا اعتراف کر لیا ہے۔"

عدالت کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اس فیصلے کے خلاف کوئی اپیل نہیں سنے گی۔

شمالی کوریا نے ایک دوسرے 56 سالہ امریکی شہری جیفری فاول کے خلاف تاحال مقدمے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔

امریکی ریاست اوہا کے علاقے میامسبرگ سے تعلق رکھنے والے فاول کو اس سال مئی میں ساحلی شہر چونگ جن میں مبینہ طور پر ایک کلب میں" بائیبل " چھوڑ کر آنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

ایک امریکی مبلغ کینتھ بائی دسمبر 2012 سے شمالی کوریا کی حراست میں ہیں اور ان کو اپریل 2013 میں مبینہ طور پر پیانگ یانگ حکومت کے"مخالف اقدام" کرنے پر 15 سال قید بامشقت کی سزا دی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG