رسائی کے لنکس

عابد نصیر مجرم قرار، سزا کا اعلان آئندہ ماہ


سماعت کے اختتام پر، وفاقی جیوری نے جرم ثابت ہونے کا اعلان کیا جس کی سزا کا اعلان آئندہ ماہ کیا جائے گا، اس مقدمے میں مجرم کو عمر قید ہو سکتی ہے

نیویارک میں بروکلن کی وفاقی عدالت نے پاکستانی نژاد برطانوی نوجوان، عابد نصیر کو القائدہ کے ساتھ مادی تعاون، مانچسٹر شاپنگ مال اور نیویارک کے سب وے میں بم دھماکے کی سازش کا مجرم قرار دے دیا ہے۔ سزا کا اعلان ماہ اپریل میں کیا جائے گا۔

اٹھائیس سالہ عابد نصیر کو 2009ء میں مانچسٹر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

پیر کو عدالت میں اپنے دلائل مکمل کرتے ہوئے، وکیل استغاثہ زینب احمد نے کہا کہ مجرم کو سزا نہ دی گئی تو اس کی وجہ سے بہت سے مرد اور عورت اس دنیا میں جی نہیں سکیں گے؛ اور یہ کہ، اس دہشت گردی کی سازش کا محرک امریکہ اور اس کے اتحادی نیٹو ممالک سے بدلہ لینے کا جذبہ تھا۔

عدالت میں مجرم کے خلاف وہ دستاویزات بھی پیش کئے گئے جو اسامہ بن لادن کے ایبٹ آباد کے گھر پر کیے گئےحملے کے دوران امریکی سیل کے ہاتھ لگے تھے، جن پر برطانیہ، روس اور یورپ میں اپنے حملہ آور روانہ کرنے، اور ان میں سے چند کے گرفتار ہوجانے کی تصدیق کی گئی تھی۔

مجرم کے خلاف برطانوی خفیہ ادارے، ایم آئی فائیو کا ایجنٹ بھی عدالت میں پیش ہوا جو مانسچسٹر میں اسکی نگرانی پر مامور تھا۔ سماعت کے دوران، مجرم نے اپنے مقدمے کی خود وکالت کی اور کہا کہ استغاثہ القائدہ سے اس کے رابطے کو ثابت نہیں کر سکا۔ اگر کوئی معاملہ غلط ہوا ہے تو وہ اسے ختم کرنا چاہتا ہے۔

سماعت کے اختتام پر وفاقی جیوری نے جرم ثابت ہونے کا اعلان کیا جس کی سزا کا اعلان آئندہ ماہ کیا جائے گا، اس مقدمے میں مجرم کو عمر قید ہو سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG