رسائی کے لنکس

اوباما کا اقلیت اور پولیس کے درمیان اعتماد سازی پر زور


بقول صدر، ’غلامی اور نسلی امتیار کی باقیات کا ابھی تک متعدد افریقی امریکی برادریوں پر کافی گہرا اثر ہے۔۔۔ غریب علاقوں میں مواقع کی کمی، ملک بھر میں تعلیم کا فقدان، اور کافی حد تک ہم اِن غریب علاقوں کو بھولے رہتے ہیں جب تک کہ کوئی واقع رونما نہ ہو اور پھر ہم حیرانگی کا تاثر دیتے ہیں‘

صدر براک اوباما نےپولیس اور اقلیتی برادریوں کے درمیان اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا ہے، جو بات گذشتہ ہفتے بالٹیمور میں سیاہ فام شخص کی پولیس حراست میں ہلاکت کے بعد ہونے والے بلوؤں کی صورت میں اجاگر ہوتی ہے، جنھیں ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ لگی تھی۔

’سی بی ایس ٹیلی ویژن‘ کے معروف ’دِی لیٹ شو وتھ ڈیوڈ لِیٹرمن‘ کے ساتھ انٹرویو میں، اوباما نے کہا کہ غلامی اور نسلی امتیار کی باقیات کا ابھی تک متعدد افریقی امریکی برادریوں پر کافی گہرا اثر ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ جو بات ہمارے سامنے ہے وہ غریب علاقے، مواقع کی کمی، ملک بھر میں تعلیم کا فقدان، اور کافی حد تک ہم اِن غریب علاقوں کو بھولے رہتے ہیں جب تک کہ کوئی واقع رونما نہ ہو اور پھر ہم حیرانگی کا تاثر دیتے ہیں۔

اس سے قبل اقلیت سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے ساتھ ملاقات کے دوران، صدر نے یہ بات تسلیم کی کہ متعدد افریقی امریکی اور ہسپانوی لوگوں کو پیدائشی طور پر کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہ کہ پولیس کی جانب سے اُن کے ساتھ غیرمساوی رویہ برتا جاتا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ کالی رنگت والے نوجوانوں کو پولیس بلا جواز روکتی ہے اور زمین پر گرا دیا جاتا ہے، اور بالٹیمور اور مزوری کے شہر فرگوسن کی طرح شہری علاقوں میں جو رویہ برتا جاتا ہے اُس سے شہری آبادی میں تشدد کی کارروائیاں جنم لیتی ہیں۔

اوباما نے ’مائی برادرز کیپر الائنس‘ نامی ایک نفع نقصان کے بغیر کام کرنے والی ایک تنظیم کا اعلان کیا، جو وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس سعی کی نشاندہی کرتا ہے کہ کالے رنگ والے نوجوان مردوں کے لیے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں۔

اُنھوں نے کہا کہ جب کہ معاشرہ ہر ایک کو کامیابی کی ضمانت نہیں دے سکتا، یہ تو ہو سکتا ہے کہ پیچھے رہ جانے والے نوجوانوں کو مساوی مواقع فراہم ہوں۔ اُنھوں نے سیاستدانوں پر نکتہ چینی کی، جن کے بارے میں اُن کا کہنا تھا کہ وہ غیرمساوی مواقع کی بات تو کرتے ہیں، لیکن ساتھ ہی، وہ انسداد غربت کے منصوبوں کے لیے مختص رقوم میں کٹوتی کرتے ہیں۔

اٹارنی جنرل لوریتا لِنچ اور امریکی محکمہٴانصاف سے تعلق رکھنے والے دیگر رہنماؤں نے منگل کو بالٹیمور کا دورہ کیا۔

XS
SM
MD
LG