رسائی کے لنکس

افغان سرحدی پولیس کے وفد کی پاکستانی عسکری کمانڈر سے ملاقات


فائل فوٹو
فائل فوٹو

گزشتہ دو ہفتوں سے بھی کم وقت میں پاکستانی فوج کے دو اعلیٰ کمانڈر افغانستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

افغانستان کی سرحدی پولیس کے کمانڈر لفٹیننٹ جنرل محمد شفیق فاضلی ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ان دنوں پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

افغان وفد نے پیر کو پاکستانی فوج کے راولپنڈی میں صدر دفتر کا دورہ کیا اور چیف آف جنرل اسٹاف لفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد سے ملاقات کی۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے ایک بیان کے مطابق ملاقات میں عسکری معاملات اور سرحد پر نگرانی کے موجودہ طریقہ کار اور رابطوں پر بات چیت کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ حالیہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سیاسی اور عسکری رابطوں کی کڑی ہے۔ فوج کے بیان میں کہا کہ اس طرح کے دورے دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان قریبی تعاون کے فروغ میں مدد گار ثابت ہو رہے ہیں۔

گزشتہ دو ہفتوں سے بھی کم وقت میں پاکستانی فوج کے دو اعلیٰ کمانڈر افغانستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

پاکستانی فوج کی جنوبی کمانڈ کے سربراہ لفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے گزشتہ جمعرات کو افغانستان کا دورہ کر کے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی تھی۔

جب کہ اس سے قبل 18 جنوری کو کور کمانڈر پشاور لفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمٰن نے بھی افغانستان کا دورہ کیا تھا۔

گزشتہ ماہ پشاور میں ایک اسکول پر ملک کی تاریخ کے ایک بدترین دہشت گرد حملے کے بعد پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور انٹیلی جنس ادارے ’آئی ایس آئی‘ کے ڈائریکٹر جنرل لفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی افغانستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

حالیہ ہفتوں میں پاکستانی سرحد کے قریب افغان فورسز نے بھی اپنی جانب دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کیں ہیں جن میں درجنوں شدت پسند مارے گئے۔ اطلاعات کے مطابق مارے جانے والوں میں پاکستانی عسکریت پسند بھی بتائے جاتے ہیں۔​

XS
SM
MD
LG