رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 131 رن سے ہرادیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان نے میزبان ٹیم کو 260 رن کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم37 اوور میں صرف 128 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں میزبان زمبابوے کو 131 رن سے شکست دے دی ہے۔

جمعرات کو ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 260 رن کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم37 اوور میں صرف 128 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میزبان ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ نویں اوور میں شروع ہوا جس کےبعد اس کا کوئی کھلاڑی بھی زیادہ دیر پاکستانی بالروں کا سامنا نہ کرسکا۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 26 رن دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں جو ایک روزہ میچوں میں ان کی اب تک کی سب سے بہتر کارکردگی ہے۔

شعیب ملک نے تین اور عماد وسیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ زمبابوے کی جانب سے شان ولیم 26 اور چگم بورا 22 رن کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ میزبان ٹیم کا کوئی اور کھلاڑی قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔

اس سے قبل میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز قدرے مایوس کن رہا۔

ابتدائی بلے باز اور کپتان اظہر علی صرف 11 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ احمد شہزاد 12 رنز ہی بنا سکے۔

سینیئر آل راؤنڈر محمد حفیظ 10 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

سرفراز احمد نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی 44 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ شعیب ملک ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔

نوجوان کھلاڑی محمد رضوان نے 75 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور چار چوکے بھی شامل تھے۔

ان کے ہمراہ عماد وسیم نے بھی جارحانہ کھیل پیش کیا لیکن وہ 61 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔

مقررہ پچاس اوورز میں مہمان ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔

زمبابوے کی طرف سے پانیانگارا، جونگوی، کریمر اور نیومبو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

اس سے قبل دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں بھی پاکستان نے میزبان ٹیم کو شکست فاش سے دو چار کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG