رسائی کے لنکس

پاکستان کپ کا فیصل آباد میں آغاز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اس ٹورنامنٹ میں کل پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔

پاکستان میں کرکٹ خاص طور پر مقامی سطح پر اس کھیل کو بہتر بنانے کی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز منگل کو صنعتی شہر فیصل آباد میں ہوا جس میں بلوچستان اور پنجاب کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔

اس ٹورنامنٹ میں کل پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔

یکم مئی تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں کل 11 میچز کھیلے جائیں گے۔

ٹیموں کی قیادت پاکستان کے معروف کرکٹرز کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والوں کے علاوہ نوجوان اور فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے والے بھی شامل ہیں۔

رواں سال ہی پاکستان نے اپنی پہلی سپرلیگ کا اہتمام بھی کیا تھا جس میں دیگر ملکوں کے کرکٹرز بھی شریک ہوئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ لیگ پاکستانی کرکٹ اور کھلاڑیوں کے لیے خاصی حوصلہ افزا رہی۔ لیکن اس کے متحدہ عرب امارات میں انعقاد کے باعث پاکستانی شائقین کی ایک بڑی تعداد میدانوں میں اس کے میچز نہیں دیکھ سکی تھی۔

مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی ٹیمیں آکر کھیلنے سے گریزاں رہی ہیں اور اسی بنا پر پاکستان کو سیریز کی میزبانی متبادل مقام کے طور پر متحدہ عرب امارات میں ہی کرنا پڑی ہے۔

اس دوران ٹیسٹ میچ کھیلنے کا درجہ رکھنے والی ٹیم زمبابوے ہی وہ واحد بین الاقوامی ٹیم تھی جس نے گزشتہ سال لاہور میں پاکستان کے خلاف ایک مختصر سیریز کھیلی تھی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے ساتھ بھی رواں سال ہونے والی سیریز اب پاکستان میں نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلی جائے گی کیونکہ ویسٹ انڈین بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو سیریز کے لیے پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG