رسائی کے لنکس

پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے


زلزلے کے جھٹکے پاکستانی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 59 منٹ پر محسوس کیے گئے۔ ایبٹ آباد میں زلزلے سے ایک مکان کی چھت گرنے سے کم ازکم تین افراد ہلاک ہوئے۔

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ کے کئی اضلاع میں ہفتہ کو طلوع آفتاب سے قبل زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کا مرکز اسلام آباد کے شمال مشرق میں 15 کلومیٹر کے فاصلے پر 26 کلو میٹر زیر زمین تھا۔

ایبٹ آباد میں زلزلے سے ایک مکان کی چھت گرنے سے کم ازکم تین افراد ہلاک ہوگئے جن میں دو خواتین اور ایک بچی شامل ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے راولپنڈی، مری، پشاور، ایبٹ آباد مانسہرہ، لاہور، گوجرانوالہ سمیت دیگر کئی علاقوں میں بھی پیش آئے۔

زلزلے کے جھٹکے پاکستانی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 59 منٹ پر محسوس کیے گئے، بیشتر علاقوں میں لوگ اُس وقت سو رہے تھے لیکن زلزلے کے باعث خوف کا شکار ہو کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

پاکستان کا شمار خطے کے ان ملکوں میں ہوتا ہے جہاں زیر زمین ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے زلزلے آتے رہتے ہیں۔

ملک کی تاریخ کا بدترین زلزلہ آٹھ اکتوبر 2005ء کو آیا تھا جس کا مرکز پاکستانی کشمیر میں تھا اور اس کی شدت 7.6 ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس زلزلے میں 73ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو گئے تھے اور ملک میں بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ستمبر 2013ء میں 7.7 شدت کے زلزلے میں تین سو سے زائد افراد ہلاک جب کہ لگ بھگ ایک لاکھ افراد بے گھر ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG