رسائی کے لنکس

غیر ملکی سفارت خانوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ غیر ملکی سفارت خانوں اور اُن کے عملے کی حفاظت کی ذمہ داری کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے سکیورٹی اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ غیر ملکی سفارت خانوں کی بندش کے حوالے سے کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔

یہ بیان بعض ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی اُن خبروں کے بعد جاری کیا گیا جن میں کہا گیا کہ موجودہ سیاسی کشیدگی کی صورتحال میں اسلام آباد میں غیر ملکی سفارت خانے بند کر دیئے گئے ہیں۔

وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ غیر ملکی سفارت خانوں اور اُن کے عملے کی حفاظت کی ذمہ داری کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے سکیورٹی اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سفارت خانوں کے عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہر میں سفر کے دوران احتیاط برتیں۔

اسلام آباد میں 15 اگست سے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کا احتجاج و دھرنے جاری ہیں۔

احتجاج کرنے والی دونوں جماعتوں کے کارکن 19 اگست کو اسلام آباد کے حساس علاقے ’ریڈ زون‘ میں واقع پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پہنچ گئے تھے۔ واضح رہے کہ غیر ملکی سفارت خانے بھی اسی علاقے کے ’ڈپلومیٹک انکلیو‘ میں واقع ہیں۔

حکومت پہلے ہی ریڈ زون میں حفاظت کی ذمہ داری فوج کو سونپ چکی ہے۔

واضح رہے کہ اس علاقے کو جانے والی بیشتر سڑکیں بند ہیں جب کہ ’ڈپلومیٹک انکلیو‘ میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ پہلے ہی منع ہے۔

XS
SM
MD
LG