رسائی کے لنکس

حفیظ کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ریگولیشنز فار دی ریویو آف باؤلرز کی شق نمبر 2.4 کے مطابق محمد حفیظ اپنے باؤلنگ ایکشن میں تبدیلی لانےکے دوبارہ تجزیے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم "آئی سی سی" نے باؤلنگ ایکشن "غیر قانونی" ہونے پر پاکستانی اسپنر محمد حفیظ کی باؤلنگ کرانے پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔

اتوار کو جاری کیے گئے بیان میں آئی سی سی نے کہا کہ باؤلنگ کے دوران محمد حفیظ کے ایکشن کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا کہ ان کا بازو گیند کرواتے ہوئے 15 درجے کی مقررہ حد سے تجاوز کرتا ہے جو کرکٹ کے قواعد و ضوابط کے خلاف ہے۔

پاکستانی اسپنر کے باؤلنگ ایکشن پر گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکایت کی گئی تھی جس کے لیے آئی سی سی نے ایک کمیٹی تشکیل دے کر اس کا جائزہ لینا شروع کیا۔

ریگولیشنز فار دی ریویو آف باؤلرز کی شق نمبر 2.4 کے مطابق محمد حفیظ اپنے باؤلنگ ایکشن میں تبدیلی لانےکے دوبارہ تجزیے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

محمد حفیظ کے ایکشن کا تجزیہ 24 نومبر کو لندن میں آئی سی سی کے ماہرین کے زیر تحت ہوا۔

اس سے قبل پاکستان کے اسپنر سعید اجمل کے باﺅلنگ ایکشن کو بھی غیرقانونی قرار دے کر ان پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

یہ پابندی ایک ایسے وقت عائد کی گئی جب ورلڈ کپ 2015ء کے انعقاد میں کچھ ہی عرصہ باقی رہ گیا ہے۔

34 سالہ محمد حفیظ نے 149 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 122 جب کہ 40 ٹیسٹ میچوں میں 43 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

آئی سی سی کے قواعدو ضوابط کے مطابق اس طرح کی پابندی کا سامنا کرنے والا کھلاڑی اپنے متعلقہ بورڈ کی اجازت سے مقامی سطح پر کرکٹ کھیل سکتا ہے اور مشقوں کے بعد دوبارہ اپنے باؤلنگ ایکشن کے تجزیے کے لیے رابطہ کر سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG