رسائی کے لنکس

کراچی میں امن کے لیے تمام فریق مل کر کام کریں: وزیراعظم


وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قتل کے ذمے داروں کا تعین کرنا بہت ضروری ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں امن کا قیام از حد ضروری ہے اور اس کے لیے تمام فریقین کو مل کر کام کرنا چاہیئے۔

یہ بات انھوں نے جمعہ کو کراچی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جمعہ کو یہاں پہنچے اور گورنر عشرت العباد، وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سمیت مختلف اعلیٰ انتظامی عہدیداروں کے اجلاس کی صدارت کی۔

حالیہ ہفتوں میں کراچی کی ایک بااثر سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کی طرف سے اپنے کارکنوں کے مبینہ ماورائے عدالت قتل کے واقعات کے تناظر میں سیاسی حالات بھی کشیدہ ہو چلے تھے۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قتل کے ذمے داروں کا تعین کرنا بہت ضروری ہے۔

"انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہیئں جس معاشرے میں انصاف نہیں وہ معاشرہ کبھی بھی پنپ نہیں سکتا۔ اس میں حکومتی پارٹی کے لوگ ملوث ہیں یا کوئی اور لوگ یا انتظامیہ کے لوگ ملوث ہیں یا پھر کوئی شر پسند عناصر ملوث ہیں۔ میرا خیال ہے کہ یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ان کو منظر عام پر لایا جائے اور یہ ان کے خاندانوں کا حق بنتا ہے کہ ان کو انصاف ملے۔"

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے امن کے لیے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مل کر کام کرنا چاہیئے۔

وزیراعظم نے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا فیصلہ تمام جماعتوں نے مل کر کیا تھا اور اس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG