رسائی کے لنکس

کراچی: انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ، پولیس اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس کے مطابق یہ واقعہ پاپوش نگر کے علاقے میں پیش آیا، عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں پیر کو انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو اس مرض سے بچاؤ کے قطرے پلانے والی ایک ٹیم کی حفاظت پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس سے ایک پولیس اہکار ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ پاپوش نگر کے علاقے میں پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مشتبہ افراد کی تلاش شروع کر دی۔

اس سے قبل 19 جنوری کو بھی کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا تھا۔

پاکستان بھر میں مرحلہ وار انسداد پولیو کی قومی مہم جاری ہے اس سلسلے میں پیر کو کراچی کے کچھ علاقوں میں بچوں کو اس مرض سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے تھے۔

پاکستان میں حالیہ برسوں میں بچوں کو پولیو کے مرض سے بچاؤ کے قطرے پلانے والی ٹیموں پر شدت پسند مہلک حملے کرتے آئے ہیں جن میں رضا کاروں سمیت ان کی حفاظت پر مامور متعدد سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔

پاکستان کا شمار دنیا کے ان تین ملکوں میں ہوتا ہے جہاں انسانی جسم کو اپاہج کر دینے والی بیماری پولیو کے وائرس پر تاحال پوری طرح قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

دیگر دو ملکوں میں افغانستان اور نائیجیریا شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG